Friday, April 26, 2024

کورونا وائرس کا پھیلاؤ ،پنجاب میں رمضان بازار نہ لگانے کا فیصلہ

کورونا وائرس کا پھیلاؤ ،پنجاب میں رمضان بازار نہ لگانے کا فیصلہ
April 16, 2020
 لاہور (92 نیوز) کورونا وائرس کے خطرات کے پیش نظر پنجاب حکومت نے صوبہ بھر میں رمضان بازار نہ لگانے کا فیصلہ کر لیا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے رمضان بازار نہ لگانے سے متعلق کابینہ کمیٹی کی جانب سے تیار کردہ سفارشات باضابطہ طور پر منظور کر لیں۔ سردار عثمان بزدار نے کابینہ کمیٹی کی عوام کو براہ راست ریلیف دینے کی تجویز بھی منظور کر لی۔ ذرائع کے مطابق رمضان المبارک میں عوام کو آٹھ سے بارہ ارب روپے کا ریلیف دیا جائے گا۔ عوام کو براہ راست کیش رقم ادا کی جائے گی۔ وزیر اعلیٰ نے رقم کی شفاف تقسیم کا نظام وضع کرنے کی ہدایت کر دی۔ سردار عثمان بزدار کہتے ہیں عوام کو ہر ممکن ریلیف دیا جائے گا۔ دوسری جانب وزیر اعلیٰ نے مختلف شہروں کا طوفانی دورہ کرنے کے بعد لاہور، شیخوپورہ اور گردو نواح کا فضائی دورہ کیا۔ عثمان بزدار نے مختلف شہروں میں لاک ڈاؤن پر عملدرآمد کے اقدامات کا جائزہ لیا اور صنعتی علاقوں کا معائنہ کیا۔ ترجمان پنجاب حکومت مسرت جمشید چیمہ کہتی ہیں عثمان بزدار نے دن رات کی کاوشوں سے خود کو حقیقی معنوں میں عوامی لیڈر ثابت کیا۔ عوام کی جانیں بچانا حکومت کی اولین ترجیح ہے ۔ جزوی لاک ڈاؤن کا مشکل فیصلہ اسی تناظر میں کیا گیا۔