Monday, May 13, 2024

کورونا وائرس کا پھیلاؤ ، سعودی عرب میں 10 مساجد کو بند کر دیا گیا

کورونا وائرس کا پھیلاؤ ، سعودی عرب میں 10 مساجد کو بند کر دیا گیا
February 9, 2021

ریاض (92 نیوز) کورونا وائرس پھیلنے کے باعث سعودی عرب میں 10 مساجد کو بند کر دیا گیا۔ اقدام مساجد کےعملے اوربعض نمازیوں میں کورونا کی تصدیق کے بعد کیا گیا۔

وزارت اسلامی امور و دعوت و رہنمائی کے مطابق دو روز کے دوران ریاض ریجن کی 5 مساجد کو بند کیا گیا۔ 3 مساجد شمالی سرحدی علاقے، ایک ایک البھا اور دمام ریجن میں بند کی گئیں۔ الدلام گورنریٹ میں محکمہ مساجد کا دفتر بھی ادارے کے ڈائریکٹر اور 6 ملازمین کے کورونا سے متاثر ہونے پر بند کر دیا گیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ مساجد اور  دفتر کو مکمل طور پر ڈس انفیکٹ کرنے کے بعد دوبارہ کھول دیا جائے گا۔

ادھر  مقدس مساجد کی انتظامیہ نے کہا ہے کہ عمرہ کی بحالی سے لے کر اب تک 85 لاکھ  سے زیادہ افراد کو نماز اورعمرے کی سہولت مہیا کی گئی ہے۔  4 اکتوبر 2020 سے 6 فروری 2021 تک 22 لاکھ 14 ہزار افراد نے عمرہ اور 63 لاکھ 20 ہزار نے مسجد الحرام میں نماز ادا کی ہے۔

حکام کا یہ بھی کہنا ہے کہ مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں کورونا ایس او پیز کی 24 ہزار سے زیادہ خلاف ورزیاں ریکارڈ پر آچکی ہیں۔ مسجد الحرام میں  گیارہ ہزار سے زیادہ خلاف ورزیاں ماسک نہ پہننے اور  دو ہزار 752 خلاف ورزیاں سماجی فاصلے کی پابندی نہ کرنے کی صورت میں ریکارڈ  کی گئی ہیں۔

مسجد نبوی میں ماسک نہ پہننے کی آٹھ ہزار 193 اور سماجی فاصلہ برقرار نہ رکھنے کی دو ہزار 519 خلاف ورزیاں ریکارڈ پر آئی ہیں۔ مقدس مساجد کی انتظامیہ نے کہا ہے کہ آئندہ کسی بھی شخص کو مسجد الحرام  اور مسجد نبوی میں  توکلنا ایپ کے بغیر داخل نہیں ہونے دیا جائے گا۔ کوتاہی کرنے والوں  کو سزا دی جائے گی۔