Friday, May 3, 2024

کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کیلئے سندھ میں دوپہر بارہ سے سہ پہر تین بجے تک لاک ڈاؤن رہا

کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کیلئے سندھ میں دوپہر بارہ سے سہ پہر تین بجے تک لاک ڈاؤن رہا
April 17, 2020
 کراچی (92 نیوز) کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کیلئے ملک بھر میں سخت اقدامات کیئے گئے۔ سندھ میں  دوپہر بارہ سے سہ پہر تین بجے تک مکمل لاک ڈاؤن رہا۔ نماز جمعہ کے اجتماعات انتہائی محدود ہوئے۔ پنجاب اور بلوچستان میں بھی تین سے پانچ افراد نے مساجد میں نماز جمعہ ادا کی۔ رمضان المبارک کے دوران مساجد میں باجماعت نماز تراویح پر متفقہ لائحہ عمل کیلئے وفاقی حکومت سرگرم ہو گئی۔ صدر مملکت عارف علوی کی زیرصدارت ہفتہ کے روز علمائے کرام کا مشاورتی اجلاس ہو گا۔ وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری کا کہنا ہے علما کے ساتھ ملاقات انتہائی اہم ہوگی۔ امید ہے اتفاق رائے قائم کرلیں گے۔ جید علماء سے ٹیلیفونک رابطے ہوئے ہیں۔ علما بھی اپنا موقف پیش کریں گے۔ ایوان صدر کے بعد وزیراعظم ہاؤس میں بھی  ملاقات ہوگی جس میں وزیراعظم خود علماء سے کچھ امور پر گفتگو کرینگے۔ وزیرمذہبی امور نے مزید کہا علما سنجیدگی کا مظاہرہ کریں، مریضوں کی تعداد بڑھ گئی تو مذہبی طبقے کو ٹارگٹ کیا جائے گا۔ بعض افراد کو تو مساجد کے کھلا رہنے سے ویسے ہی مسائل ہیں۔ مختلف مکاتب فکر کے علماء و مشائخ نے بھی مشاورت مکمل کرلی۔ صدر مملکت کی زیرصدارت اجلاس میں تجاویز اور مطالبات پیش کئے جائیں گے۔ علمائے کرام کا موقف ہے کہ حکومت کے ساتھ تصادم کی فضا پیدا نہیں ہونے دی جائے گی۔