Friday, May 17, 2024

کورونا وائرس کا خطرہ تاحال برقرار ہے، عالمی ادارہ صحت

کورونا وائرس کا خطرہ تاحال برقرار ہے، عالمی ادارہ صحت
August 2, 2020
جینیوا (92 نیوز) عالمی ادارہ صحت نے خبردار کیا ہے کہ کورونا وائرس کا خطرہ ابھی ٹلا نہیں۔ جینیوا میں عالمی ادارہ صحت کی ایمرجنسی کمیٹی کا چوتھا اجلاس منعقد ہوا جس میں تمام ممبران نے اتفاق کیا کہ کورونا وائرس کا خطرہ تاحال برقرار ہے اور مہلک وائرس سے محفوظ رہنے کے لئے تمام ممالک کو سخت احتیاطی تدابیر پر عمل کرنے کی ضرورت ہے۔ اجلاس کے دوران عالمی ادارہ صحت کی ایمرجنسی ٹیم کے ممبران کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کو خاص طور پر کورونا وائرس سے بچاو کے لئے محتاط رہنا ہو گا کیونکہ عام طور پر نوجوانوں کی سماجی سرگرمیاں زیادہ ہوتی ہیں جس کے باعث یہ  وائرس پھیلنے کا سبب بنتے ہیں۔ ایمرجنسی ٹیم کے ممبران نے کہا کہ عالمی ادارہ صحت ملٹی نیشنل اداروں کے اشتراک سے مختلف ممالک کو فنڈ فراہم کر رہا ہے تاکہ کمزور معیشت والے ممالک بھی اپنے شہریوں کو طبی سہولیات فراہم کر سکیں اور اس وبا پر جلد از جلد قابو پایا جا سکے۔ عالمی ادارہ صحت نے ممالک کے سربراہوں سے اپیل بھی کی کہ کورونا وائرس پر تحقیق کرنے اور ویکسین کی تیاری کے لئے فنڈ مختص کریں۔ عالمی ادارہ صحت کے مطابق دنیا بھر میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد ایک کڑور تیہتر لاکھ چھیانوے ہزار نو سو ترتالیس تک جا پہنچی ہے جبکہ مہلک وائرس کے باعث چھ لاکھ پچھتر ہزار ساٹھ افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔