Friday, April 19, 2024

کورونا وائرس پر کنٹرول کیلئے تمام ادارے ہم آہنگ ہیں ، فردوس عاشق اعوان

کورونا وائرس پر کنٹرول کیلئے تمام ادارے ہم آہنگ ہیں ، فردوس عاشق اعوان
March 19, 2020

اسلام آباد (92 نیوز) معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کورونا وائرس پر کنٹرول کیلئے تمام ادارے ہم آہنگ ہیں۔

فردوس عاشق اعوان ، ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار اور ڈاکٹر ظفر مرزا نے مشترکہ پریس کانفرنس کی۔

فردوس عاشق اعوان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا وزیر اعظم شہریوں کے جان ومال کے تحفظ کو اولین تر جیح سمجھتے ہیں ۔ وزیراعظم نے قرنطینہ میں شہریوں کے خود مسائل سنے اور حل کی ہدایت دی ۔ ادارے ہم آہنگی اور تن دہی کے ساتھ فرائض انجام دے رہے ہیں۔

معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات کا کہنا تھا کورونا وائرس سے پہلے معیشت بہت بہتر تھی۔ مشکل سے معیشت کی گاڑی ترقی کی راہ پر آگئی تھی۔ قومی معاشی پالیسی کیلئے مشیر خزانہ کی سربراہی میں ٹیم کام کر رہی ہے۔ وزیراعظم نے پیغام دیا ہے کورونا وائرس سے مل کر لڑنا ہے۔

 انہوں نے کہا کچھ عناصر حالات کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ذخیرہ اندوزی کرتے ہیں۔ کمیٹی مالی امور سے متعلق پیکیج وزیراعظم کو پیش کرے گی ۔ کوشش ہے محنت کشوں کیلئے اقدامات اٹھائیں۔

معاون خصوصی صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا پاکستان میں کورونا وائرس دیر سے پہنچا۔ دنیا بھر میں 2 لاکھ 20 ہزار افراد کورونا کے شکار ہیں۔ پاکستان میں کورونا وائرس کے 326 کنفرم کیسز ہیں۔  اب جو نمبر رکھیں گے وہ مصدقہ ہونگے۔

انہوں نے کہا 194 میں سے 176 ممالک میں کورونا وائرس پھیل چکا ہے۔ نیشنل ڈیش بورڈ پر جا کر کورونا کی تازہ ترین صورتحال سے اپ ڈیٹ ہو سکتے ہیں۔ کورونا کیسز کے نمبروں سے پریشان نہ ہوں۔ ان میں سے کئی ریکور بھی ہونگے۔

ظفر مرزا نے کہا بہت سے لوگ ایسے ہیں جو کورونا وائرس کو باہر سے لے کر آئے۔ حکومتیں یکجہتی کے ساتھ کام کر رہی ہیں۔ اپنی اپنی ذمہ داریاں پوری کریں تو وبا کو روک سکتے ہیں۔ طِب کے شعبے میں تعاون کے لیے پاکستان اور چین کے درمیان کافی بات چیت جاری ہے۔ چین نے جس طرح اس وباء کو روکا اُس سے بہت کچھ سیکھا جا سکتا ہے۔

ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا تھا چین اور پاکستان کے درمیان کافی چیزوں پر بات چیت ہوئی۔ چین نے وبا کے پھیلاؤ کو اپنے ملک اور دنیا میں بھی روکا۔ چند روز میں چینی ماہرین اور پاکستانی ماہرین کی ویڈیو کانفرنس شروع ہو گی۔

ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا نیشنل سکیورٹی کمیٹی کے اجلاس کے بعد مشترکہ لائحہ عمل تیار کیا گیا۔ افواج پاکستان پوری طرح متحرک ہے۔ مسلح افواج سول اداروں کے ساتھ مل کر عوام کی مدد کیلئے تمام وسائل بروئے کار لارہی ہے۔ صوبائی اور ملٹری قیادت فیصلوں کی روشنی میں اقدامات کر رہے ہیں۔ انٹری پوائنٹس پر فوج اور سول ادارے مشترکہ کام کر رہے ہیں۔ دعا ہے اللہ تعالی اس وبا سے پاکستان کو نجات دے۔