Tuesday, May 7, 2024

کورونا وائرس ، پاکستان سمیت دیگر ترقی پذیر ممالک کے قرضے معاف کئے جائیں ،وزیر اعظم

کورونا وائرس ، پاکستان سمیت دیگر ترقی پذیر ممالک کے قرضے معاف کئے جائیں ،وزیر اعظم
March 17, 2020
اسلام آباد ( 92 نیوز) وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ کورونا وائرس ترقی پذیر ممالک کی معیشت کو تباہ کر سکتا ہے ، دنیا پاکستان اور دیگر ترقی پذیر ممالک کے قرضے معاف کرنے کے بارے میں سوچے ۔ ایک امریکی خبر ایجنسی کو انٹرویو میں وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ ہمارے پاس طبی سہولتیں اتنےبڑے بحران سے نمٹنے کے لئے ناکافی ہیں ،کورونا وئرس مزید پھیلا تو معیشت  بحال کرنے کی کوششوں کو سنگین نقصان ہوگا۔ وزیر اعظم عمران خان نے خبردار کیا کہ  کورونا وائرس ترقی پذیر ممالک کیلئے تباہ کن ثابت ہوسکتا ہے ،  پاکستان، بھارت، افریقی ممالک کے پاس اتنی طبی سہولتیں موجود نہیں کہ کورونا وائرس جیسے بڑے بحران  سے نمٹ سکیں،اقوام عالم کو چاہیے کہ وہ پاکستان  سمیت دیگر ممالک کے قرضے معاف کرے تاکہ کورونا وائرس سے نمٹا جاسکتے ،انہوں نے امریکا سے کورونا سے متاثرہ ایران پر عائد پابندیاں ہٹانے کا بھی مطالبہ کیا۔ وزیر اعظم عمران خان  کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان میں  کورونا وائرس مزید پھیلتا ہے تو  معیشت بحال کرنے کی کوششوں کو سنگین نقصان پہنچے گا، برآمدات میں کمی ہوگی ،بیروزگاری بڑھے گی اور  قرضوں کی واپسی ناممکن ہوجائے گی۔ وزیر اعظم عمران خان نے افغان صدر اشرف غنی کے حالیہ پاکستان مخالف بیان کو مایوس کن قرار دیا، کہا کہ  انہوں نے حکومت سنبھالنے کے بعد امریکا اور طالبان میں امن معاہدے کیلئے سخت محنت کی  ، افغان امن عمل کیلئے پاکستان کی کوششوں کی تعریف کرنی چاہیے۔ وزیر اعظم عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ بھارت پر ہندو انتہا پسند جماعت نے قبضہ کیا ہوا ہے جس کے پاس جوہری ہتھیار ہیں ۔