Sunday, May 12, 2024

کورونا وائرس نے کینو کی برآمدات کو بھی شدید متاثر کردیا

کورونا وائرس نے  کینو کی برآمدات کو بھی شدید متاثر کردیا
July 8, 2020

سرگودھا ( 92 نیوز) کورونا وائرس نے سرگودھا میں کینو کی برآمدات کو بھی شدید متاثر کیا ہے، ایکسپورٹ کے سلسلے میں تعطل سے کولڈ اسٹوریج میں محفوظ کیا گیا ایک ہزار ٹن سے زائد کینو خراب ہونے کا خدشہ، برآمد کنندگان کی نیندیں اڑا گئیں۔

کورونا وائرس  نے دنیا بھر میں تجارت کے دروازے بند کر رکھے ہیں، بین الاقوامی سطح پر منفرد پہچان رکھنے والے سرگودھا کے میٹھے کینو کی ایکسپورٹ میں کمی نے کاشتکاروں اور ایکسپورٹرز کی مشکلات بڑھا دیں۔ چین، ملائیشیا، سنگاپور، افغانستان اور روس سمیت دیگرممالک کیساتھ تجارت بند ہونے سے کینو کی برآمد کو شدید دھچکا لگا ۔

ضلع سے ہر سال 3 لاکھ میٹرک ٹن کینو ایکسپورٹ ہوتا ہے اس بار پیداوار اچھی ہونے پر 10 ہزار کے بجائے 13 ہزار کنٹینرز مال اسٹورز رکھا گیا لیکن اس موسم میں کینو اسٹور سے نکلتے ہی خراب ہونے کا خدشہ ہے۔

صدر چیمبر کا کہنا ہے کہ حکومت نے تو تعاون کیا مگر اس بار کینو گلے پڑ گیا  ۔ ایکسپورٹرز کہتے ہیں کہ موجودہ عالمی کساد بازاری کو دیکھتے ہوئے حکومت کو چاہیے کہ کینو کی ایکسپورٹ کے حوالے سے ایکسپورٹرز کی مکمل معاونت کی جائے تاکہ آنے والی فصل کو عالمی منڈیوں تک باآسانی پہنچایا جا سکے۔