Monday, May 6, 2024

کورونا وائرس مزید پھیلے گا، جس سے پاکستانیوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا ، وزیر اعظم

کورونا وائرس مزید پھیلے گا، جس سے پاکستانیوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا ، وزیر اعظم
March 17, 2020
 اسلام آباد (92 نیوز) وزیر اعظم عمران خان نے قوم کو خبردار کرتے ہوئے کہا کورونا وائرس مزید پھیلے گا، جس سے پاکستانیوں کو مزید مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔ قوم سے خطاب میں وزیر اعظم نے کہا ہمارے جب 20 کیسز ہوئے تو پاکستان کو بند کرنے کی بھی تجویز آئی، ہم نے سوچا کہ اگر ہم نے شہر بند کردیئے تو ایک طرف ہم لوگوں کو کورونا سے بچائیں گے اور دوسری طرف لوگ بھوک سے مر جائیں گے۔ حکومت کورونا وائرس کی بنا پر پورا ملک  بند کرنے کی متحمل نہیں۔ دیکھ رہے ہیں کہ کورونا کے حوالے سے دنیا کے مختلف ممالک سے کیا سیکھ سکتے ہیں۔ کوشش کریں گے کورونا وائرس کے سبب مہنگائی نہ ہو۔ وزیر اعظم کا کہنا تھا یہ وائرس ایک قسم کا فلیو ہے۔ اس فلیو کی خاصیت یہ ہے یہ بہت تیزی سے پھیل جاتا ہے۔ 4 سے 5 فیصد لوگوں کو اسپتال جانا پڑتا ہے۔ کورونا کے 97 فیصد مریض ٹھیک ہو جاتے ہیں۔ زیادہ تر ایسے مریض ہوتے ہیں جنہیں معمولی نزلہ زکام ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا زائرین کو تفتان میں سہولیات دینا بہت مشکل کام ہے۔ 9 لاکھ افراد کی اسکریننگ کر چکے ہیں۔ 26 فروری کو پہلا کیس سامنے آیا۔ 20 کیسز سامنے آنے پر قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس بلایا۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ تفتان بارڈر پر سہولیات پہنچانا بہت مشکل تھا، انتظامات کرنے پر میں بلوچستان حکومت اور فوج کو داد دیتا ہوں۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ کورونا سے جنگ حکومت اکیلے نہیں لڑ سکتی۔ آپ نے گھبرانا نہیں ہے، ہم نے بھی بحیثیت قوم کورونا سے جنگ جیتنی ہے۔ انہوں نے کہا ہماری پوزیشن یورپین ممالک سے مختلف ہے۔ ہم نے کورونا کا پھیلاؤ روکنے کے لیے نیشنل سکیورٹی کمیٹی بنائی۔ این ڈی ایم اے کی ڈیوٹی لگائی کہ دنیا بھر سے ضرورت کی چیزیں منگوائے، میڈیکل ایکسپرٹ کی کور کمیٹی بھی ہے جس میں ڈاکٹر صورتحال کو دیکھ رہے ہیں۔ وزیراعظم نے اپنے خطاب میں کہا ہم نے کورونا کا پھیلاؤ روکنے کیلئے نیشنل سکیورٹی کمیٹی بنائی۔ این ڈی ایم اے کو فعال کیا اور اسے فنڈز دیئے۔ این ڈی ایم اے کی ڈیوٹی لگائی کہ دنیا بھر سے ضرورت کی چیزیں منگوائے۔ وینٹی لیٹرز منگوانے کا انتظام کیا، فیس ماسک پاکستان میں کافی ہیں۔  صدرعارف علوی چین گئے ہوئے ہیں۔ صدر مملکت دیکھیں گے چین نے وائرس پر کس طرح قابو پایا۔ آخر میں وزیراعظم بولے کورونا کیخلاف جنگ اکیلی حکومت نہیں لڑسکتی۔ اجتماعات میں جانے سے پرہیز کریں۔  ہاتھ ملانے سے وائرس تیزی سے پھیلتا ہے۔  لوگوں سے ہاتھ ملانا چھوڑ دیں۔ ہاتھوں کو زیادہ سے زیادہ صابن سے دھوئیں۔ بیرون ملک سے آنیوالوں سے احتیاط کریں۔ انہوں نے کہا ذخیرہ اندوزوں کو خبردار کر رہا ہوں۔ جس نےعوام کی تکالیف سے فائدہ اٹھایا اسے سزا دی جائے گی۔