Thursday, March 28, 2024

کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئےعوام ساتھ دے ، وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا

کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئےعوام ساتھ دے ، وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا
March 18, 2020
پشاور (92 نیوز) وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئےعوام ساتھ دے۔ خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد بڑھی تو صوبائی حکومت نے حفاظتی اقدامات مزید سخت کر دیئے۔ وزیر اعلٰی محمود خان نے اہم فیصلوں کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ شادی ہالز کی بندش کے بعد اب گھروں میں بھی شادی کی تقریبات پر پابندی عائد کر دی گئی۔ سرکاری دفاتر کے اوقات کار دس سے چار بجے کر دیئے ہیں، پانچ سے زیادہ افراد کے سرکاری اجلاس معطل کردیئے گئے ہیں، ریسٹورنٹ، حجام اور بیوٹی پارلرز پندرہ روز کے لئے بند رہیں گے۔ وزیراعلٰی کا کہنا تھا کہ تعلیمی ادارے اور تفریحی مقامات عوام کے تحفظ کے لئے بند کئے ہیں۔ عوام کے مفاد میں کچھ سخت فیصلے کئے ہیں عوام ساتھ دیں۔ وزیر صحت تیمور سلیم جھگڑا نے صوبے میں تین نئے کورونا وائرس کیسز کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ مردان، ہنگو اور بونیر سے نئے مریض سامنے آنے کے بعد خیبرپختونخوا میں مریضوں کی تعداد انیس ہو گئی ہے۔