Thursday, April 18, 2024

کورونا وائرس سے پاکستان میں مزید 8 افراد جاں بحق ،کل تعداد 23 ہو گئی

کورونا وائرس سے پاکستان میں مزید 8 افراد جاں بحق ،کل تعداد 23 ہو گئی
March 31, 2020
اسلام آباد ( 92 نیوز) کورونا وائرس نے پاکستان میں مزید 8 افراد کی جان لے لی، اموات کی تعداد 23 تک جا پہنچی، متاثرین کی تعداد 1762 ہوگئی، پنجاب میں638،سندھ میں566  ، خیبر پختونخوا میں221  ، بلوچستان میں 152 مریض، گلگت بلتستان میں128 ، اسلام آباد51 اور آزاد کشمیر میں 6کیسز ہیں۔ کورونا وائرس اپنے پنجے گاڑنے لگا، مزید8 افراد جان سے گئے، دو افراد نے پنجاب میں دم توڑا، مجموعی طور پر پنجاب میں7افراد جاں بحق ہوچکے ہیں اور کئی افراد کی حالت ابھی تک نازک ہے۔ ترجمان سیکنڈری ہیلتھ کیئر کے مطابق ڈیرہ غازی  خان میں207، ملتان میں 80 زائرین میں وائرس کی تصدیق ہوچکی ہے، ننکانہ میں متاثرہ میاں بیوی کے 8 رشتے داروں کے ٹیسٹ مثبت آئے،نشتر اسپتال ملتان لائے گئے 70 مریضوں میں سے 4 میں کورونا کی تصدیق ہوگئی۔ کورونا کی مریِضہ نے جھوٹ بول کرریسکیو اہلکار کو بھی وائرس کا شکار کردیا، جہلم میں ریسکیو1122کے انچارج کےمطابق آئمہ جٹاں کی خاتون نے جھوٹ بولا اور ٹریول ہسٹری چھپائی،جس کے باعث اہلکار عزیز میں علامات ظاہر ہوئی ہیں۔ حجرہ شاہ مقیم میں بیرون ملک سے ٓآئے دو مشتبہ مریضوں کی حکومت نے دو ہفتے بعد بھی خبر نہ لی، لوئر دیر کے علاقہ تالاش میں کورونا سے جاں بحق خاتون  کے 3 لواحقین میں وائرس کی تصدیق ہوگئی۔ بنوں میں  محکمہ صحت کی غفلت کے باعث کورونا کا مریض 3 دن گھرپر رہا ، 27 مارچ کو مندیو کے 74 سالہ شخص کو کورونا ٹیسٹ لیکر واپس بھیج دیا گیا، ٹیسٹ پازیٹو آنے کے بعد محکمہ صحت  اور انتظامیہ کی دوڑیں لگ گئیں۔