Thursday, March 28, 2024

کورونا وائرس سے مقابلہ کرنے والوں کو یاد رکھنا ہو گا ، چودھری برادران

کورونا وائرس سے مقابلہ کرنے والوں کو یاد رکھنا ہو گا ، چودھری برادران
May 24, 2020
 لاہور (92 نیوز) چودھری شجاعت اور چودھری پرویزالہٰی نے کہا کورونا وائرس سے مقابلہ کرنے والوں کو یاد رکھنا ہو گا۔ چودھری برادران نے نماز عید گجرات میں سماجی فاصلہ رکھتے ہوئے ادا کی۔ چودھری شجاعت حسین، چودھری پرویزالٰہی، ایم این اے مونس الٰہی، سالک حسین، چودھری حسین الہی ، راسخ الٰہی اور خاندان کے دیگر افراد نے عید سادگی سے منائی ۔ پارٹی رہنما سلیم بریار ، شہادت نواز نے بھی چودھری برادران کے ساتھ نماز عید ادا کی ۔ نماز عید کے بعد طیارہ حادثہ کے شہداء، کورونا متاثرین اور وطن عزیز کے دفاع و ترقی کیلئے خصوصی دعا کی گئی ۔ چودھری برادران نے کہا مستحق افراد کو بھی عید کی خوشیوں میں شریک کریں۔ یہ عید دوسری عیدوں سے مختلف ہے۔ اس لیے اس عید کو سادگی سے منایا جائے۔ ڈاکٹرز، پیرامیڈیکل اسٹاف سمیت ہر اس فورس کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جو جانوں پر کھیل کر ملک کی خدمت کر رہے ہیں۔ ان لوگوں کا بھی خیال رکھنا ہے جو ہماری مدد کے منتظر ہیں۔ چودھری برادران کا کہنا تھا پوری قوم طیارہ حادثہ کے باعث غمزدہ ہے۔ غم کی اس گھڑی میں شہدا کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کرتے ہیں۔