Saturday, April 27, 2024

کورونا وائرس سے مزید چار پاکستانی جاں بحق ، 665 نئے کیسز رپورٹ

کورونا وائرس سے مزید چار پاکستانی جاں بحق ، 665 نئے کیسز رپورٹ
September 16, 2020

اسلام آباد ( 92 نیوز) ملک میں کورونا وائرس  کا شکار مزید چار مریض دم توڑ گئے ، مجموعی اموات چھ ہزار 393 ہوگئیں ، این سی او سی کے مطابق چوبیس گھنٹے میں 665 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، ملک میں کورونا کے ایکٹو کیسز  پانچ ہزار936  ہیں۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے  مطابق ملک میں  گذشتہ 24 گھنٹوں میں 665 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ  مزید چار افراد دم توڑ گئے جس کے بعد  پاکستان میں کورونا وائرس سے جاں بحق ہونے والوں کی مجموعی تعداد 6ہزار 393 ہو گئی ۔

گزشتہ 324 گھنٹوں میں 665 نئے کیسز رپورٹ ہونے کے بعد پاکستان میں کورونا متاثرین کی کل تعداد دو لاکھ 90 ہزار 760 ہو گئی جس میں سے صرف 936 افراد تاحال کورونا سے متاثرہ ہیں جب کہ دیگر مہلک وائرس کو شکست دیکر روبصحت ہو چکے ہیں ۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے مطابق  سندھ میں کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ مریضوں کی تعداد ایک لاکھ 32 ہزار 591 ہو گئی،  دوسرے نمبر پر پنجاب میں مریضوں کی تعداد 97 ہزار 946 رپورٹ ہوئی ۔

خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس سے متاثر مریضوں کی تعداد 37 ہزار 140 ، بلوچستان میں تعداد 13 ہزار 690 ہو گئی ۔ اسلام آباد میں کورونا سے متاثرہ مریضوں کی تعداد  15 ہزار 984 ، آزاد جموں و کشمیر 2441 ، گلگت میں 3297 ہو گئی۔