Saturday, April 27, 2024

کورونا وائرس سے متعلق پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس ، سب کمیٹی تشکیل دیدی

کورونا وائرس  سے متعلق پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس ، سب کمیٹی تشکیل دیدی
April 6, 2020

اسلام آباد ( 92 نیوز) اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی زیر صدارت  کورونا وائرس سے متعلق  پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں  اعظم سواتی کی زیر صدارت سب کمیٹی تشکیل  دے دی گئی ۔

کورونا وائرس کے حوالے سے پارلیمانی کمیٹی کا کورونا وائرس سے متعلق  اجلاس  ہوا  ، اجلاس میں  معاملے پر سب کمیٹی تشکیل دی گئی ، سب کمیٹی پارلیمانی کمیٹی کے کام کرنے کے طریقے کار کے ٹرمز آف ریفرنس بنائے گی ،  کمیٹی کا دوبارہ اجلاس جمعرات کو ہو گا۔

اجلاس میں چیئرمین این ڈی ایم اے نے بتایاکہ ملک  میں  3800 سے زائد وینٹی لیٹرز موجود ہیں ،  9 اپریل کو مزید پانچ سو وینٹی لیٹرز پاکستان آ جائیں گے جب کہ 137 اسپتالوں کو کورونا وائرس کیلئے مختص کیا گیا ہے ۔

 وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے بریفنگ  میں بتایا کہ  اس وقت ملک میں ٹیسٹ کرنے کی صلاحیت 6ہزار 584  ہے، سرکاری طور پر کورونا کا ٹیسٹ بالکل مفت کیا جا رہا ہے،10 پیتھالوجسٹس پر مشتمل ایک کمیٹی بنائی ہے جو ملک میں کورونا ٹیسٹ  کے حوالے سے اپنی تجاویز پیش کرے گی۔

ڈاکٹر ظفر مرزا نے بتایاکہ  پی آر سی مشین کے ذریعے وائرس کی موجودگی کا ٹیسٹ کیا جاتا ہے، عوام کو احتیاط کرنے کی ضرورت ہے، وائرس کے پھیلاؤ کو کم کرنے کا واحد حل سماجی رابطے میں کمی ہے۔

 وزیر مملکت حماد اظہر نے کہا کہ  وباء سے لڑنے کے لیے ہمیں مل کر کام کرنا ہوگا،وزیراعظم کی صدارت میں نیشنل کوآرڈنیشن کمیٹی کا تسلسل سے اجلاس ہو رہا ہے،تمام صوبوں کی مشاورت سے فیصلے کئے جا رہے ہیں، وسائل کی شفافیت سے تقسیم کی جا رہی ہے، سخت معاشی حالات کے باوجود 1200 ارب روپے کا امدادی پیکچ دیا گیا ہے، ٹائیگر فورس کو معلومات اکٹھی کرنے اور وسائل کی تقسیم  کےلئے استعمال کیا جا سکتا ہے۔

اسپیکر اسد قیصر نے  کہا کہ پارلیمان کے کردار کو مؤثر بنانا چاہتا ہوں، پارلیمان کے کردار کو مؤثر بنانے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہوں گا۔