Friday, April 19, 2024

کورونا وائرس سے متاثرہ رمشا کالونی کو ڈی سیل کر دیاگیا

کورونا وائرس سے متاثرہ رمشا کالونی کو ڈی سیل کر دیاگیا
April 1, 2020

اسلام آبد ( 92 نیوز) وفاقی دارالحکومت میں کورونا وائرس  سے متاثرہ رمشا کالونی کو ڈی سیل کردیا گیا ، ضلعی انتظامیہ کی زیر نگرانی علاقے میں راشن بھی تقسیم کیا گیا، اسلام آباد سبزی منڈی میں کورونا فری واک تھرو  گیٹ بھی لگا دیا گیا۔

اسلام آباد کے سیکٹر ایچ 8 میں رمشا کالونی کو ڈی سیل کردیا گیا ، ڈی سی اسلام آباد حمزہ شفقات نے نوٹیفکیشن جاری کردیا ، بتایا کہ کالونی میں مشتبہ افراد کی اسکریننگ اور سپرے کے بعد علاقہ مکینوں کیلئے کھولا گیا ، تاہم یہاں رہنے والوں کو دفعہ 144 کی پاسداری کرنا ہوگی ۔

رمشا کالونی میں ضلعی انتظامیہ کی زیر نگرانی راشن کے پانچ سو بیگ تقسیم  کئے گئے ،  راشن کی تقسیم کے دوران احتیاطی تدابیر پر عمل کیا گیا  ، متاثرین نے طے شدہ طریقہ کار کی تحت راشن وصول کیا  ۔

دوسری جانب معاون خصوصی علی نواز نے اسلام آباد کی سبزی منڈی میں کرونا فری واک تھرو  گیٹ کا افتتاح کردیا  ، میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ  چارکروڑ کی لاگت سے بنے اس گیٹ سے ایک منٹ میں 80 لوگ گزر سکیں گے  ، ہم اسلام آباد میں اس طرح کے 20 گیٹس لگانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ اسلام آباد کے علاقے بہارہ کہو میں بھی سپرے کا عمل مکمل کرکے علاقے کو جزوی طور پر عوام کیلئے کھول دیا گیا ہے۔