Saturday, April 20, 2024

کورونا وائرس سے دنیا بھر میں ہلاکتوں کی تعداد ساڑھے 6 ہزار سے تجاوز

کورونا وائرس سے دنیا بھر میں ہلاکتوں کی تعداد ساڑھے 6 ہزار سے تجاوز
March 16, 2020
بیجنگ ( 92 نیوز) کورونا وائرس  کے خونی وار جاری ہیں ، دنیا بھر میں ہلاکتوں کی تعداد ساڑھے چھے ہزار سے تجاوز کرگئی ، اٹلی میں 368 ، ایران میں 113 اور اسپین میں 96 مریض ہلاک ہوئے ۔ تھائی لینڈ کے آرمی ویلفیئر چیف بھی کورونا کا شکار بن گئے ، متعدد ممالک میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ، سرحدیں بھی بند ہونے لگیں ، عالمی سطح پر متاثرین کی تعداد ایک لاکھ 69ہزار 600سےبھی بڑھ گئی۔ کورونا وائرس  کے خونی وار جاری ہیں ، پوری دنیا خوف میں مبتلا ہوگئی، متعدد ممالک نے سرحدیں بند کردیں ، فضاؤں میں اڑتے جہاز بھی کم ہونے لگے۔ قاتل وائرس کا اس وقت سب سے بڑا نشانہ براعظم یورپ بن رہا ہے ، اٹلی میں مزید تین سو اڑسٹھ افراد ہلاک ہوچکے ہیں ، ملک بھر میں چوبیس ہزار سات سو سے زائد مریض رپورٹ ہوچکے ہیں۔ اسپین میں لاک ڈاؤن کا پہلا ہی روز خوفناک یادیں چھوڑ گیا ، ایک ہی روز میں چھیانوے ہلاکتیں رپورٹ ہوگئیں ، یہاں موجود تین پاکستانیوں میں بھی وائرس کی تشخیص ہوچکی ہے۔ جرمنی نے وائرس کا پھیلاؤ روکنے کیلئے چار ممالک کے ساتھ اپنی سرحدیں بند کردیں ، ملک میں اب تک چھے ہزار کے قریب کیسز سامنے آگئے ہیں ۔ فرانس اور سوئٹزرلینڈ سمیت دیگر یورپی ممالک میں بھی نئے مریض رپورٹ ہوچکے ہیں۔ امریکا میں بھی صورتحال سنگین ہوتی جارہی ہے ، جہاں ایک ہی روز میں مزید ایک سو چار افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی ۔ نیویارک اور لاس اینجلس میں تمام سینما، نائٹ کلبز اور ریستوران بند کر دیے گئے۔ تھائی لینڈ کے آرمی ویلفیئر چیف بھی کورونا کا شکار بن گئے جنہیں ساٹھ فوجی افسران سمیت قرنطینہ کردیا گیا ۔ نیوزی لینڈ میں بڑے اجتماعات پر پابندی عائد کردی گئی ، گوئٹے مالا میں وائرس سے پہلی ہلاکت رپورٹ ہوچکی ہے ، پیرو میں پندرہ روز کیلئے ایمرجنسی نافذ ہوچکی ہے۔ ایران بھی کورونا سے شدید متاثر ہورہا ہے ،جہاں اب تک 724 مریض زندگی کی بازی ہار چکے ہیں ، جبکہ متاثرین کی تعداد بھی 14 ہزار تک پہنچ چکی ہے جن میں اعلیٰ سیاسی عہدیداران بھی شامل ہیں۔ سعودی عرب میں بھی پندرہ نئے کیسز تشخیص ہوچکے ، مملکت میں تمام ریستوران بند کردیئے گئے ہیں  جبکہ مساجد میں باہر سے پانی اور دیگر اشیاء لانے پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔