Thursday, April 25, 2024

کورونا وائرس سے دنیا بھر میں اموات ایک لاکھ 74ہزار سے بڑھ گئیں

کورونا وائرس سے دنیا بھر میں اموات ایک لاکھ 74ہزار سے بڑھ گئیں
April 22, 2020
 پیرس (92 نیوز) کورونا وائرس سے دنیا بھر میں اموات ایک لاکھ 74ہزار سے بڑھ گئیں۔ متاثرین بھی چوبیس لاکھ 80 ہزار سے زائد ہو گئے۔ کورونا وائرس کا پھیلاؤ کئی ممالک میں کم ہونے لگا جس پر حکومتوں کی جانب سے لاک ڈاؤن نرمی کے اعلانات کیے گئے ہیں تاہم عالمی ادارہ صحت کے سربراہ ٹیڈروس ایڈنہوم نے ایسا کرنے سے خبردار کیا ہے ۔ کہتے ہیں وبا کے حوالے سے برا وقت ابھی آئے گام یہ ایسا وائرس ہے جسے بہت سے لوگ ابھی تک سمجھ نہیں سکے۔ ادھر امریکا میں کووڈ نائن ٹین کی تباہ کاریاں کم نہ ہو سکیں ۔ ایک اور روز خونی داستانیں رقم کر گیا۔ ایک ہزار نو سو انتالیس نئی ہلاکتیں رپورٹ ہو گئیں۔ مجموعی اموات بھی ساڑھے بیالیس ہزار سے بڑھ چکی ہیں۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کورونا وائرس کے باعث امیگریشن پر عارضی پابندی لگانے کا اعلان کیا۔ اُن کا کہنا تھا کہ اس اقدام کا مقصد امریکی شہریوں کی نوکریوں کو محفوظ بنانا ہے ۔ دوسری جانب یورپ میں کورونا کا زور کم پڑنے لگا۔ برطانیہ میں ایک روز کے دوران چار سو انچاس افراد مارے گئے۔ مجموعی کیسز کی تعداد ایک لاکھ چوبیس ہزار سے تجاوز کر چکی ہے۔ اٹلی میں چار سو چون جبکہ اسپین میں تین سو نناوے مریض ہلاک ہوئے۔ فرانس میں پانچ سو سینتالیس، جرمنی میں دو سو بیس، بیلجیئم میں ایک سو پینتالیس نئی ہلاکتیں رپورٹ کی گئیں۔ ترکی میں بھی مزید ایک سو تئیس مریض زندگی کی بازی ہار گئے۔ صدر  طیب اردوان نے  چوبیس اپریل سے اکتیس شہروں میں چار روز کیلئے لاک ڈاؤن کا اعلان کر دیا۔ روس میں چوالیس نئی ہلاکتوں کے ساتھ مجموعی اموات چار سو پانچ ہو چکی ہیں۔ ایران میں ایک روز کے دوران اکانوے مریض دم توڑ گئے۔ بھارت میں کورونا مزید تینتیس زندگیاں نگل گیا۔ ملک میں مجموعی اموات پانچ سو بانوے اور متاثرین کی تعداد ساڑھے اٹھارہ ہزار سے تجاوز کر چکی ہے۔