Friday, March 29, 2024

کورونا وائرس دنیا بھر میں 19 ہزار 766 زندگیاں نگل گیا

کورونا وائرس دنیا بھر میں 19 ہزار 766 زندگیاں نگل گیا
March 25, 2020

لندن ( 92 نیوز) دنیا بھر میں کورونا وائرس  سے ہلاکتوں کی تعداد 19 ہزار 766 ہو گئی، اسپین میں مزید 443، ایران میں 143، نیدر لینڈز میں 80اور بیلجیئم میں 56 مریض ہلاک ہو گئے ۔ افریقی ملک نائجر میں پہلی ہلاکت رپورٹ ہو گئی، کورونا متاثرین کی عالمی تعداد 4 لاکھ 41 ہزار سے تجاوز کر گئی ، اٹلی میں اب تک 6820، اسپین میں 3434، چین میں 3281 ، ایران میں 2077، فرانس میں 1100کورونا متاثرین ہلاک ہو چکے ہیں۔

کورونا وائرس  کا عالمی پھیلاؤ رک نہ سکا، ہلاکتوں میں بھی ہوشربا اضافہ ہو گیا ، اٹلی کے بعد اسپین کی مجموعی ہلاکتیں بھی چین سے زیادہ ہو گئیں۔

گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران اسپین میں 400 سے زائد کورونا متاثرین ہلاک ہو گئے ، وبا کے پھیلاؤ کے لحاظ سے یورپ کا دوسرا اور دنیا کا چوتھا بڑا ملک اسپین ہے ، ہلاکتوں کے لحاظ سے دنیا کا دوسرا بڑا ملک بن گیا۔ اسپین میں مجموعی ہلاکتیں 3400 سے تجاوز کر چکی ہیں جبکہ چین میں کورونا وائرس سے ہلاک مریضوں کی تعداد 3281 ہے۔

عالمی وبا کے موجودہ مرکز اٹلی میں اب تک 6 ہزار820 مریض ہلاک ہو چکے ہیں اور 69 ہزار 176 افراد بیمار ہو چکے ہیں۔

فرانس میں بھی صحت عامہ کا بحران شدت اختیار کرتا جا رہا ہے ، گزشتہ روز  240 افراد کی ہلاکت نے طبی ماہرین سے لے کر عوام تک پورے ملک کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا ، فرانس میں اب تک 1100 کورونا متاثرین ہلاک ہو چکے ہیں۔

ایران میں کورونا وائرس کے مزید 143 مریض دم توڑ گئے، وہاں اب تک 2 ہزار 77 اموات رپورٹ ہو چکی ہیں ۔ زیرعلاج مریضوں کی تعداد 15 ہزار315 ہے،،، اورساڑھے 9 ہزار سے زائد مریض صحتیاب ہو چکے ہیں۔

امریکا، برطانیہ، بیلجیئم، سویٹزرلینڈ، جرمنی، ملائیشیا، انڈونیشیا، افغانستان، بنگلہ دیش اور مصر سمیت متعدد ممالک میں مزید مریض زندگی کی بازی ہار گئے جبکہ افریقی ملک نائجر میں پہلی ہلاکت رپورٹ ہو چکی ہے۔