Tuesday, April 23, 2024

کورونا وائرس، اٹلی بھر میں فضائیں اللہ اکبر کی صداؤں سے گونج اٹھیں

کورونا وائرس، اٹلی بھر میں فضائیں اللہ اکبر کی صداؤں سے گونج اٹھیں
March 21, 2020
روم (92 نیوز) اٹلی بھر میں فضائیں اللہ اکبر کی صداؤں سے گونج اٹھیں، کورونا وائرس کی وجہ سے مساجد میں نماز کی بندش پر مسلمانوں نے گھروں کی چھتوں اور گیلریوں میں نمازیں ادا کرنا شروع کردیں۔ نماز مغرب کے بعد مہلک وائرس سے نجات کے لیے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔ مہلک کورونا وائرس نے دنیا بھر میں دہشت پھیلا رکھی ہے۔ اٹلی  میں وائرس سے سب سے زیادہ  افراد ہلاک ہوئے جن کی تعداد 4 ہزار سے زائد ہے۔ پورے اٹلی میں گذشتہ دو ہفتے سے لاک ڈاؤن جاری ہے جبکہ عوامی اجتماعات پر سخت پابندی ہے۔ جس کے باعث عبادت گاہوں میں تالے لگ گئے۔ مساجد میں اذان اور گرجا گھروں میں گھنٹیاں بجنا بند ہوچکی ہیں۔ اٹلی کی مسلم کمیونٹی نے اللہ تعالی سے معافی اور دنیا کو اس موذی مرض سے نجات دلانے کے لیے گھروں کی بالکونی  اور صحن میں اذانیں دینے کا فیصلہ کیا۔ نماز کے بعد پوری دنیا کو اس موذی مرض سے نجات دلانے کے لیے خصوصی دعاؤں کا اہتمام کیا گیا۔ مسلم کمیونٹی نے اپنی دعاؤں میں اس موذی مرض سے نبردآزما ڈاکٹرز اور دیگر عملے کی سلامتی کے لیے بھی خصوصی دعائیں کیں جس کی نہ صرف اطالوی عوام بلکہ مقامی میڈیا نے بھی تعریف کی۔