Friday, March 29, 2024

کورونا وائرس از خود نوٹس کیس،وفاق ، پنجاب اور سندھ نے جواب جمع کرادیا

کورونا وائرس از خود نوٹس  کیس،وفاق ، پنجاب اور سندھ نے جواب جمع کرادیا
July 20, 2020

اسلام آباد ( 92 نیوز)کورونا وائرس از خود نوٹس میں وفاق، پنجاب اور سندھ نے بھی سپریم کورٹ میں جواب جمع کرادیا۔

کورونا وائرس از خود نوٹس میں وفاق، پنجاب اور سندھ نے بھی سپریم کورٹ میں جواب جمع کرادیا۔  وفاق نے جان بچانے والی ادویات کی قیمتوں میں اضافے اور ذخیرہ اندوزی کا معاملہ صوبوں پر ڈال دیا جبکہ سندھ اور پنجاب نے نئی گاڑیوں کی خریداری کیلئے بجٹ مختص کرنےکا اعتراف کرلیا۔

کورونا وائرس از خود نوٹس میں وفاقی حکومت نے پیشرفت رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرادی جس میں  بتایا کہ وزارت صحت نے فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز کیلئے ایک اضافی تنخواہ کا اعلان کیا، صوبوں سے مشاورت کی لیکن کوئی نتیجہ نہ نکلا جبکہ جان بچانے والی ادویات کی قیمتوں میں اضافے اور ذخیرہ اندوزی سے متعلق صوبوں کو خطوط لکھ دئیے گئے ہیں، جو اپنی اپنی رپورٹس خود جمع کرائیں گے ۔

پنجاب حکومت نے اپنی رپورٹ میں نئی گاڑیوں کی خریداری  بجٹ مختص کرنے کا اعتراف کرلیا۔ بتایا کہ  29 ملین سے محکمہ زراعت کیلئے گاڑیاں خریدی جائیں گی جبکہ 706 ملین ٹڈی دل سے نمٹنے کیلئے مختص کیے گئے ہیں۔ رپورٹ میں صوبائی حکومت نے دعوٰی کیا کہ پنجاب میں ادویات کی کوئی قلت نہیں اور اس سے نمٹنے کیلئے تمام انتظامات مکمل ہیں۔ 

سندھ سرکار نے اپنی رپورٹ میں آگاہ کیا کہ رواں مالی سال 3 ہزار 871 ملین گاڑیوں کی خریداری کیلئے مختص کیے گئے ہیں ، دو ہزار ملین پولیس،  742 ملین بورڈ آف ریونیو، 293 ملین ججز سمیت لا اینڈ پارلیمنٹری افیئرز کی گاڑیوں کیلئے خرچ ہونگے لیکن 24 جون سے نئی گاڑیوں کی خریداری پر پاپندی عائد کر دی ہے۔

 سندھ نے رپورٹ میں بتایا کہ گجر نالہ اسکیم کیلئے 1100 ملین کی منظوری دے گئی ہے اور کراچی کے چھوٹے بڑے نالوں کی صفائی کیلئے 1.74 ارب ایمرجنسی بنیاد پر مختص کردئیے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق، آکسیجن سلنڈر سمیت ضروری طبی سامان کی ذخیرہ اندوزی کرنے والوں کیخلاف سخت ایکشن لیا گیا ہے جبکہ لاک ڈاون میں 15 اگست تک توسیع کردی گئی ہے۔