Friday, May 17, 2024

کورونا وائرس 145 ممالک میں پھیل گیا ، ہلاکتوں کی تعداد5ہزار 436 ہو گئی

کورونا وائرس 145 ممالک میں پھیل گیا ، ہلاکتوں کی تعداد5ہزار 436 ہو گئی
March 15, 2020
اسلام آباد ( 92 نیوز) کورونا وائرس دنیا کے 145 ممالک میں پھیل گیا ، دنیا بھر میں وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد پانچ ہزار 436 جبکہ متاثرہ افراد کی تعداد ایک لاکھ 45 ہزار  سے زائد ہوگئی، نیوزی لینڈ میں سانحہ کرائسٹ چرچ کی یاد میں منعقد تقریب منسوخ کردی گئی ، ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کے سربراہ نے یورپ کو کرونا وائرس کا نیا مرکز قرار دے دیا ۔ چینی شہر ووہان سے پھوٹنے والی وبا نے 145 مملک کو لپیٹ میں لے رکھا ہے  ، بالخصوصی یورپی ممالک میں صورتحال دن بہ دن بگڑتی جارہی ہے ۔ اٹلی میں گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران مزید 250کرونا متاثرین ہلاک ہو گئے جس کے بعد وہاں مجموعی تعداد1266 ہوگئی  ،گھروں میں محصور  شہری ایک دوسرے کا حوصلہ بڑھانے  کیلئے قومی ترانہ پڑھتے نظر آئے ۔ اسپین میں مزید 47 ہلاکتوں کے بعد  مجموعی تعداد  133ہوگئی  ، حکومت نے ملک بھر میں ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے  فوج طلب کرلی ۔ نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم جیسنڈا آرڈرن نے کرونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کیلئے سانحہ کرائسٹ  چرچ کی یاد میں منعقد تقریب منسوخ کرنے کا اعلان کیا۔ برطانیہ میں ایک ہی روز میں کرونا وائرس کے  مزید 202 کیسز رپورٹ ہوئے ، بگڑتی ہوئی صورتحال کے سبب وزیر اعظم بورس جانسن نے  عوامی اجتماع پر پابندی لگادی  ۔ کرونا وائرس کے باعث فرانس میں اب تک 79،جرمنی میں8،سوئٹزرلینڈ میں 11 اور نیدرلینڈز میں10افراد ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ ایران میں یہ تعداد514تک جا پہنچی ہے ۔ عالمی ادارہ صحت نے یورپ کو کرونا کا نیا مرکز قرار دے دیا ، ڈبلیو ایچ او کے سربراہ ٹیڈروس آدھنم نے دنیا بھر کے لوگوں اور کمپنیوں سے مدد کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ کرونا وائرس پر قابو پانے کیلئے 675 ملین ڈالر درکار ہیں۔