Friday, April 26, 2024

کورونا نے دنیا کے جھوٹ اور معاشرے کی کمزوریاں بے نقاب کردیں، انتونیو گوتریس

کورونا نے دنیا کے جھوٹ اور معاشرے کی کمزوریاں بے نقاب کردیں، انتونیو گوتریس
July 19, 2020
نیویارک (92 نیوز) اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس کہتے ہیں کہ کورونا نے دنیا کے جھوٹ اور معاشرے کی کمزوریاں بے نقاب کردیں۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے کورونا وائرس کی وجہ سے بننے والی خوفناک صورتحال سے پردہ اٹھا دیا، اٹھارہویں نیلسن منڈیلا لیکچر سے آن لائن خطاب کرتے ہوئے انتونیو گوتریس کا کہنا تھا کہ موذی وباء کے اثرات غیرمعمولی طور پر انتہائی خطرناک ہیں، یہ دنیا کو سالوں بلکہ عشروں پیچھے دھکیل سکتی ہے۔ انتونیو گوتریس کہتے ہیں کورونا کی وجہ سے رواں برس کی دوسری سہ ماہی میں چالیس کروڑ نوکریاں ختم ہوئیں، سال کے آخر تک ستر لاکھ سے ایک کروڑ افراد بدترین غربت میں چلے جائیں گے، جبکہ تقریبا ساڑھے چھبیس کروڑ کو خوراک کی بدترین کمی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ انتونیو گوتریس نے امیر ممالک کو تنقید کا نشانہ بناتے کہا کہ کورونا وائرس نے دنیا کے جھوٹ اور معاشرے کی کمزوریاں بے نقاب کردیا، ترقی یافتہ ممالک ٹیسٹنگ، علاج کی سہولیات اور دوائیں صرف اپنے لیے مخصوص کررہے ہیں۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کا مزید کہنا تھا کہ کورونا نے یہ جھوٹ بے نقاب کردیا کہ آزاد معیشت سب کیلئے صحت کی ضامن ہے، اس کے ساتھ ہی اس فریب سے بھی پردہ ہٹادیا کہ موجودہ دنیا نسل پرستی کے بعد والی دنیا ہے، جس میں سارے انسان ایک کشتی کےسوار ہیں۔