Tuesday, April 23, 2024

کورونا نے دنیا کے 180 ممالک میں پنجے گاڑ لیے، اموات 10 ہزار 540 ہو گئیں

کورونا نے دنیا کے 180 ممالک میں پنجے گاڑ لیے، اموات 10 ہزار 540 ہو گئیں
March 21, 2020
 واشنگٹن (92 نیوز) کورونا نے دنیا کے 180 ممالک میں پنجے گاڑ لیے۔ عالمی سطح پر اموات 10 ہزار 540 ہو گئیں۔ امریکا، انڈونیشیا اور بھارت میں مزید ہلاکتیں ہو گئیں۔ کورونا نے پوری دنیا میں دہشت پھیلا دی۔ بڑے بڑے تفریحی مقامات ، کاروباری مراکز بند، زمین سنسان پڑی ہے۔ امریکا میں قاتل وائرس کے خونی وار جاری ہیں ۔ درجن کے قریب مزید انسانی زندگیاں لقمہ اجل بن گئیں۔ ایک ہی روز میں ساڑھے پانچ سو نئے مریض بھی سامنے آگئے۔ آسٹریلیا میں مزید پچاس سے زائد اور نیوزی لینڈ میں درجن کے قریب نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ تھائی لینڈ میں بھی ایک ہی روز میں پچاس سے زائد افراد میں وائرس کی تشخیص ہو گئی۔ جنوبی امریکا کا ذکر کرتے ہیں تو کورونا نے ہیٹی کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا جہاں دو مریض سامنے آئے ہیں۔ پیرو میں دو جبکہ کوسٹاریکا میں ایک مریض زندگی کی بازی ہار گیا۔ میکسیکو، برازیل اور کیوبا میں مسلسل نئے کیسز رپورٹ ہو رہے ہیں۔ یورپ میں اٹلی کو سب سے زیادہ تشویشناک صورتحال کا سامنا ہے۔ چھ کروڑ آبادی والے ملک میں ہلاکتیں چین سے بھی زیادہ ہو گئیں۔ اسپین میں آٹھ سو تیس سے زائد ہلاکتیں رپورٹ ہو چکی ہیں۔ جرمنی، فرانس میں متاثرین کی تعداد دس ہزار سے کہیں زیادہ ہو گئی ہے۔ برطانیہ میں اب تک ایک سو چوالیس ہلاکتیں اور تین ہزار دو سو انہتر کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں۔ برطانوی نیوی کے زیر استعمال ایک جوہری آبدوز کے بیس میرین بھی خونی وائرس کا شکار ہو گئے۔ مشرق وسطیٰ میں ایران کا ذکر کرتے ہیں جہاں اب تک بارہ سو چوراسی اموات ہوچکی ہیں۔ وزارت صحت کے مطابق کووِڈ نائنٹین ہر دس منٹ میں ایک زندگی لے رہا ہے جبکہ ہر ایک گھنٹے میں نیا مریض رپورٹ ہو رہا ہے۔