Thursday, April 25, 2024

کورونا نے دنیا بھر میں ’’نفرتوں کا سونامی‘‘ برپا کر دیا، انتونیو گوتریس

کورونا نے دنیا بھر میں ’’نفرتوں کا سونامی‘‘ برپا کر دیا، انتونیو گوتریس
May 9, 2020
نیویارک (92 نیوز) سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ کہتے ہیں کورونا وائرس نے دنیا بھر میں ’’نفرتوں کا سونامی‘‘ برپا کر دیا ہے۔ انتونیو گوتریس نے ’’نفرتوں کے وائرس‘‘ سے معاشرے کو پاک کرنے کیلئے فوری اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔ کورونا وائرس انسانی جانوں کے ساتھ ساتھ انسانی اقدار پر بھی حملہ آور ہو گیا۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس کہتے ہیں کورونا نہیں دیکھتا کہ ہم کون ہیں؟ کہاں رہتے ہیں؟ کیا نظریات رکھتے ہیں؟ نہ ہی کوئی اور فرق دیکھتا ہے، لیکن پھر بھی اس بحران کے دوران نسلی، مذہبی اور جغرافیائی نفرت پھیلائی جارہی ہے، عالمی وبا کے سبب نفرتوں کا ایک سونامی برپا ہو گیا ہے، دوسروں کو قربانی کا بکرا بنانے اور سنسنی پھیلانے کا ایک سلسلہ چل نکلا ہے۔ انتونیو گوتریس نے مزید کہا کہ کے عالمی وبا کے اس دور میں مسلمانوں پر حملے اور یہودیوں کے خلاف سازشی نظریات بڑھ گئے ہیں، تارکین وطن اور پناہ گزینوں کو کورونا کا ماخذ قرار دیا جا رہا ہے، معمرافراد کی توہین کی جارہی ہے، جبکہ صحافیوں، ہیلتھ ورکرز اور انسانی حقوق کے کارکنان کو صرف اپنا کام جاری رکھنے پر نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ نے نفرت پر مبنی باتوں کا پرچارختم کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ میڈیا، سوشل میڈیا، اور سول سوسائٹی کو نفرت ختم کرنے میں اپنا اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔