Saturday, May 11, 2024

کورونا نے 3 ڈاکٹرز اور میڈیکل کے طالبعلم کی جان لے لی

کورونا نے 3 ڈاکٹرز اور میڈیکل کے طالبعلم کی جان لے لی
May 29, 2020
اسلام آباد (92 نیوز) قاتل وائرس کورونا نے طبی عملے کو نشانے پر لے لیا۔ 3 ڈاکٹرز اور میڈیکل کا طالبعلم زندگی کی بازی ہارگئے۔ لاہور کی لیڈی ڈاکٹر ثناء، گوجرانوالہ کے سینئر سائیکاٹرسٹ ڈاکٹر نعیم اختر جاں بحق ہوگئے، خیبر ٹیچنگ اسپتال پشاور میں زیر علاج ڈاکٹر خانزادہ شنواری چل بسے، ادھر جنرل اسپتال لاہور کے ایم ایس ڈاکٹر محمود صلاح الدین اور پی ٹی آئی ایم این اے ملک کرامت کھوکھرکا ٹیسٹ مثبت آگیا۔ وزارت نیشنل ہیلتھ اینڈ ایمرجنسی سروس کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں کووڈ 19 کے شکار ہیلتھ کئیر ورکرز کی تعداد میں 106 نئے کیسز کا اضافہ ہو گیا۔ کورونا وائرس سے متاثرہ ڈاکٹر اور پیرامیڈیکل سٹاف کی تعداد 1904 ہو گئی۔ ڈاکٹرز سمیت طبی عملے کے کورونا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 17 ہوگئی، مزید 55 ڈاکٹرز متاثر، کل تعداد 1035  تک جا پہنچی۔ وائرس سے متاثرہ نرسز کی تعداد بھی 299 ہو گئی۔ طبی عملے کے مجموعی طور پر 570 افراد کورونا وائرس سے متاثر ہو چکے ہیں۔ میڈیکل سے وابستہ 171 افراد مختلف اسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔ 1037 افراد گھروں اور دیگر مقامات پر قرنطینہ کئے گئے ہیں، ملک بھر میں 679 ہیلتھ کئیر ورکرز صحت یاب ہو کر گھر پہنچ گئے۔