Thursday, April 25, 2024

کورونا میں مبتلا شیخ رشید راولپنڈی کے ملٹری اسپتال منتقل

کورونا میں مبتلا شیخ رشید راولپنڈی کے ملٹری اسپتال منتقل
June 14, 2020
راولپنڈی (92 نیوز) کورونا وائرس سے متاثر وزیر ریلوے شیخ رشید کو راولپنڈی کے ملٹری اسپتال منتقل کردیا گیا۔ ترجمان کے مطابق وفاقی وزیر کو ڈاکٹروں کی ہدایت پر اسپتال منتقل کیا گیا، طبیعت اب بہتر ہے۔ شیخ رشید احمد کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ 8 جون کو مثبت آیا تھا۔ وفاقی وزیر وائرس کے مثبت ٹیسٹ کے بعد اپنے گھر میں خود سے الگ تھلگ ہوگئے۔ ڈاکٹروں کے مشورے پر انہوں نے 14 دن کے لئے خود کو الگ کرلیا۔ دوسری جانب شیخ رشید نے اسپتال سے اپنے ایک پیغام میں کہا ہے کہ میرا کووڈ 19 کا علاج جاری ہے۔ رات کی نسبت اب بہتر محسوس کر رہا ہوں۔ میری صحتیابی کیلئے دعائیں کرنے والے لوگوں کا شکرگزار ہوں۔ وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کو صدر ڈاکٹر عارف علوی نے ٹیلی فون کرکے خیریت دریافت کی۔ صدر مملکت کا کہنا تھا کہ انشاءللہ آپ بہت جلد عوام کی دعاؤں سے صحتیاب ہونگے۔ وزیرمملکت علی محمد خان نے شیخ رشید کی جلد صحتیابی کیلئے دعا کی، ٹویٹ کیا کہ شیخ رشید غریب نواز اور کابینہ میں عوام کی بات کرنے والے ساتھی ہیں، اللہ ان کو صحت کاملہ عطا فرمائے۔ ادھر شاہدآفریدی، خیبرپختونخوا کی ایم پی اے عائشہ بانو، رکن سندھ اسمبلی نسیمہ راجپر اور شہبازشریف کی اہلیہ تہمینہ درانی بھی وائرس کا شکار ہوگئیں۔ کئی اعلیٰ سیاستدانوں نے کورونا وائرس کے لیے ٹیسٹ کرایا، کیونکہ وائرس کا پھیلائو عروج پر ہے۔ کوویڈ ۔19 کا نشانہ بننے والے سیاستدانوں میں دو سابق وزرائے اعظم شاہد خاقان عباسی اور یوسف رضا گیلانی، مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف، گورنر سندھ عمران اسماعیل اور دیگر شامل ہیں۔