Thursday, April 25, 2024

کورونا مریضوں کی دیکھ بھال کرنے والے ڈاکٹروں کا پی سی آر ٹیسٹ کرایا جائے ، پی ایم اے

کورونا مریضوں کی دیکھ بھال کرنے والے ڈاکٹروں کا پی سی آر ٹیسٹ کرایا جائے ، پی ایم اے
April 5, 2020
کراچی (92 نیوز) پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن سندھ (پی ایم اے) نے وفاقی اور صوبائی حکومتوں سے مطالبہ کیا کہ کورونا مریضوں کی دیکھ بھال کرنے والے تمام ڈاکٹروں کا پی سی آر ٹیسٹ کرایا جائے۔ کورونا کی وبا کو ختم کرنا ہے تو اس سے مقابلہ کرنے والے فرنٹ لائن سولجرز  کا  خیال بھی  ضروری ہے ۔ ڈاکٹرز کی حفاظت کو یقینی بنانے کیلئے پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن سندھ نے کورونا مریضوں کی دیکھ بھال کرنے والے تمام ڈاکٹروں کا پی سی آر ٹیسٹ کروانے کیلئے وزیراعظم پاکستان اور تمام صوبوں کے وزراء اعلی کو خط لکھ دیا ۔ پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن سندھ کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر قیصر سجاد نے اپنے خط میں خبردار کیا ہے کہ ملک بھر میں ڈاکٹرز حفاظتی سامان نہ ہو نے کے سبب کورونا کا شکار ہو رہے ہیں۔ یہ سلسلہ نہ تھما تو وائرس کا پھیلاو  مزید بڑھنے کا خطرہ ہے۔ پی ایم اے سندھ کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر قیصر سجاد نے کہا ڈاکٹرز کو محفوظ رکھ کر ہی اس مہلک وائرس کو شکست دے سکتے ہیں ۔ انہوں نے کہا جن ڈاکٹروں کے ٹیسٹ مثبت آئیں، انہیں فوری آئسولیٹ کیا جائے۔ ڈاکٹر قیصر کا کہنا تھا جب ڈاکٹر ہی محفوظ نہیں ہوں گے تو لوگوں کا علاج کیسے کریں گے۔ سیکرٹری جنرل پی ایم اے نے وفاقی اور صوبائی حکومتوں سے مطالبہ کیا ہے کہ جلد از جلد ڈاکٹرز کو حفاظتی سامان فراہم کیا جائے تاکہ وہ باآسانی اپنی خدمات جاری رکھ سکیں۔ یاد رہے ملک بھر میں کورونا وائرس کیخلاف جنگ میں اہم کردار ادا کرنے والے ڈاکٹرز حفاظتی سامان سے محروم ہیں۔ اسپتالوں میں کام کرنے والے ڈاکٹرز کے پاس مخصوص لباس، گلوز اور نہ ہی این 95 ماسک موجود ہے۔ ڈاکٹرز اپنی مدد آپ کے تحت حفاظتی اقدامات کرنے پر مجبور ہیں۔