Friday, May 17, 2024

کورونا مریضوں کی تعداد میں اضافہ،اسپتالوں پردباؤ بڑھنے لگا

کورونا مریضوں کی تعداد میں اضافہ،اسپتالوں پردباؤ بڑھنے لگا
June 6, 2020

اسلام آباد ( 92 نیوز) کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں ہونیوالے بے پناہ اضافے سے اسپتالوں پر بوجھ بڑھ گیا ۔ کراچی،لاہور،ملتان،پشاور اور کوئٹہ سمیت ملک کے اکثر اسپتالوں میں یا تو مزید مریضوں کی گنجائش ختم ہوگئی یا پھر انتہائی کم رہ گئی۔ اسپتالوں میں اس وقت صورتحال ہے کیا۔

کورونا کیسز میں اضافہ ہوتے ہی اسپتالوں پر دباؤ بڑھ گیا، اکثر اسپتالوں میں یا تو مریضوں کی گنجائش ختم ہوگئی یا انتہائی کم رہ گئی، سندھ میں سرکاری اور پرائیویٹ اسپتالوں کے آئی سی یو مریضوں سے بھر گئے۔

کراچی میں مختلف اسپتالوں نے مزید مریضوں کو داخل کرنے سے انکار کردیا، کیسز بڑھنے پر سول اسپتال میں مزید200بستر لگادیئے گئے جبکہ ستر اور بھی لگائے جائیں گے۔

کوئٹہ کے اسپتالوں میں گنجائش تو موجود ہے تاہم خطرناک مریضوں کی تعداد بڑھنے کے خدشے پر تین ہزار54 مریض گھروں میں آئسولیٹ ہیں، اسپتالوں میں داخل 16مریضوں کی حالت انتہائی نازک ہے۔

مظفرگڑھ رجب طیب اردگان اسپتال میں بیڈز کم پڑگئے، آئی سی یو مریضوں سے بھر گیا، کورونا وارڈ میں مزید مریضوں کی گنجائش نہیں، نشتر اسپتال ملتان میں صرف دس سے گیارہ مزید مریضوں کی گنجائش رہ گئی۔

لاہور سمیت پنجاب بھر کے ٹیچنگ اسپتالوں پر مریضوں کے دباؤ میں اضافہ ہوگیا ہے جس سے سہولیات میں کمی کا خدشہ پیدا ہوگیا، پشاور میں بھی اسپتالوں میں مریضوں کی بڑی تعداد موجود ہے ۔

کورونا وائرس سے بچنے کیلئے احتیاط کریں، کیونکہ احتیاط ہی سب سے بڑا علاج ہے، اسپتالوں پر بڑھتے ہوئے دباؤ کے باعث خدشہ ہے کہ چند روز بعد خدانخواستہ زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا شخص کو بھی بیڈ نہ مل سکے ۔