Thursday, May 9, 2024

کورونا مثبت کیسز کی شرح 7.20 فیصد، پشاور سب سے زیادہ متاثر، این سی او سی

کورونا مثبت کیسز کی شرح 7.20 فیصد، پشاور سب سے زیادہ متاثر، این سی او سی
November 27, 2020

وفاقی وزیر اسد عمر کی زیرصدارت نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر میں اجلاس ہوا، ملک بھر میں کورونا کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ صوبوں کے چیف سیکرٹریزنے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔ طبی ماہرین نے اجلاس کو بریفنگ دی۔

این سی اوسی کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 7.20 فیصد ہے۔ پشاور میں مثبت کیسز کی شرح سب سے زیادہ 19.65 فیصد تک پہنچ گئی۔

این سی او سی کے مطابق، کراچی میں 17.73 اورحیدر آباد میں مثبت کیسز کی شرح 16.32 فیصد ہے۔ سندھ میں مثبت کیسز کی شرح 13.25، پنجاب 3.59، بلوچستان 6.41، خیبرپختونخوا 9.25، آزادکشمیر 10.79، گلگت بلتستان 4.81 اور اسلام آباد میں مثبت کیسز کی شرح 5.84 فیصد ہے۔

لاہورمیں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 4.52، راولپنڈی میں 11.49، کوئٹہ میں 9.77، میرپور14.97، مظفرآباد 10.34 اور گلگت میں مثبت کیسز کی شرح 9.26 فیصد ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے مطابق ملک بھرمیں کورونا کے تشویشناک مریضوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔ اس وقت 2 ہزار 112 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

اجلاس کو علمائے کرام اورشادی ہال ایسوسی ایشنز کے ساتھ ملاقاتوں سے متعلق بھی آگاہ کیا گیا۔ اِن ملاقاتوں میں ایس او پیزپرعملدرآمد سے متعلق غور کیا گیا۔

وفاقی وزیراسد عمر کا کہنا تھا کہ عوام کی حفاظت اور ان کی صحت کےلیے اقدامات اولین ترجیح ہے۔ وزارت صحت نے ایس او پیز اور ہیلتھ گائیڈلائنز پر عملدرآمد کے لیے سخت ہدایات جاری کی ہیں۔ تمام صوبے ہیلتھ گائیڈلائنز پرعملدرآمد کو یقینی بنائیں۔