Thursday, April 18, 2024

کورونا صحت یاب ہونیوالوں کو دوبارہ بھی ہو سکتاہے ،عالمی ادارہ صحت

کورونا صحت یاب ہونیوالوں کو دوبارہ بھی ہو سکتاہے ،عالمی ادارہ صحت
April 26, 2020

نیو یارک ( 92 نیوز)عالمی ادارہ صحت نے خبردار کیا ہے کہ کورونا  وائرس  صحتیاب ہو جانے والے مریضوں کودوبارہ بھی بیمار کر سکتا ہے، ڈبلیو ایچ او کے اس بیان کے بعد لاک ڈاؤن میں نرمی کرنے والے ممالک میں خوف اور اضطراب کی اک نئی لہر دوڑ گئی ہے۔

عالمی ادارہ صحت نے کورونا کو شکست دے کر صحتیاب ہو جانے والے مریضوں کیلئے خطرے کی گھنٹی بجا دی ، وائرس کے پھیلاؤ میں کمی اور صحتیابی کی شرح میں اضافے پر خود کو ’’کورونا فری‘‘ سمجھ لینے والے ممالک ایک بار پھر دباؤ کا شکار نظر آرہے ہیں ۔

ڈبلیو ایچ او کا کہنا ہے کہ اس بات کا کوئی سائنسی ثبوت نہیں کہ کووِڈ 19 سے صحتیاب ہونے والا شخص دوبارہ بیمارنہیں ہو سکتا ، مزید یہ کہ اینٹی باڈیز کی موجودگی بھی دوبارہ متاثر نہ ہونے کا کوئی سائنسی ثبوت نہیں۔

عالمی ادارہ صحت کا یہ بیان اس موقع پر سامنے آیا ہے جب کچھ ممالک نے کورونا سے صحتیاب ہو جانے والے مریضوں کو ’’امیونیٹی پاسپورٹ‘‘ یا ’’رسک فری سرٹیفکیٹ‘‘ جاری کرنے پر غور شروع کر دیا تھا تا کہ انہیں سفر کرنے اور کام پر آنے جانے کی بلا روک ٹوک اجازت دی جا سکے۔

عالمی ادارہ صحت کے مطابق ایسے اقدامات سے کورونا وائرس دوبارہ تیزی سے پھیل سکتا ہے۔