Saturday, April 20, 2024

کورونا سے ڈرنا نہیں لڑنا ہے ، پاکستانیوں کی عوام سے اپیل

کورونا سے ڈرنا نہیں لڑنا ہے ، پاکستانیوں کی عوام سے اپیل
March 22, 2020
 اسلام آباد (92 نیوز) اٹلی سمیت دیگر ممالک سے آنے والے پاکستانیوں نے عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہا کورونا سے ڈرنا نہیں لڑنا ہے، احتیاط کریں نہ کہ بہت دیر ہو جائے۔ اٹلی میں تیس برس سے مقیم پاکستانی شہری نے ویڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے کورونا وائرس کی تباہ کاریوں اور اس کے نظام زندگی پر پڑنے والے اثرات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے پاکستانی عوام سے اپیل کی کہ وہ کورونا کو سنجیدہ لیں اور حکومت کی ہدایات پر عمل کریں۔ حال ہی میں اٹلی سے وطن واپس پہنچنے والے ایک اور شہری نے گھر میں ہی قرنطینہ سنٹر بنا کر خود کو سب سے الگ تھلگ کر دیا۔ شہری کا کہنا تھا کہ پاکستانی عوام حکومت پر الزام تراشی چھوڑ کر خود سے فیصلہ کریں اور گھروں تک محدود ہو جائیں۔ اٹلی کے لوگ آج وقت پر فیصلہ نہ لینے پر شرمندہ ہیں۔ ایک اور پاکستانی نے ویڈیو پیغام میں عوام سے اپیل کی کہ وہ خدا پر یقین رکھیں۔ وہ ہماری دعائیں ضرور قبول کرے گا۔ پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ وفاقی اور صوبائی حکومتیں اس موذی وائرس کو روکنے کیلئے سر توڑ کوششوں میں مصروف ہیں تاہم یہ اسی صورت ممکن ہے اگر عوام ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے حکومتی احکامات پر عمل کرے ۔ بھارت میں کورونا کے تدارک کیلئے خاطر خواہ انتظامات کیئے گئے ہیں۔ مشتبہ مریضوں کو شہری آبادی سے دور قرنطینہ سنٹرز میں رکھا جارہا ہے۔ عوام کی جانب سے کرفیو پر عمل درآمد کیا جارہا ہے۔ پاکستان میں صورتحال بالکل مختلف ہے۔ قرنطینہ مراکز میں وائرس سے بچاؤ کے ناقص انتظامات ہیں۔ ایک کمرے میں چار سے پانچ مریض ہیں جس سے وائرس کے پھیلنے کا خطرہ مزید بڑھ گیا۔