Tuesday, April 16, 2024

کورونا سے پاکستانی معیشت دیگر ایشیائی ممالک جیسی متاثر نہیں ہوئی، شبلی فراز

کورونا سے پاکستانی معیشت دیگر ایشیائی ممالک جیسی متاثر نہیں ہوئی، شبلی فراز
July 16, 2020
اسلام آباد (92 نیوز) وزیراطلاعات شبلی فراز کہتے ہیں کہ کورونا کے باعث پاکستان سمیت دیگرممالک کی معیشت متاثر ہوئی، الحمد اللہ ہمیں وہ پریشانی نہیں ہوئی جو دیگر ممالک میں دیکھنے کوملیں۔ شبلی فراز نے نیوز کانفرنس میں کہا کہ وزیراعظم کے اقدامات کا محور مڈل کلاس لوگ ہیں، نیشنل کو آرڈی نیشن کمیٹی برائے کنسٹرکشن کے اجلاس میں اہم فیصلے ہوئے، کنسٹرکشن انڈسٹری کو اٹھانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ میٹنگ میں یوٹیلیٹی کے ہیڈز کو بھی بلایا گیا تھا، ٹیکس سمیت تمام اشوز پر بات چیت ہوئی، لوگوں کی جانب سے بہت اچھی تجاویز آئیں، وزیر اعظم نے تاکید کی یہ میٹنگ ہر دو روز بعد ہونی چاہئیں، کورونا کی وجہ سے ہمیں آئی ایم ایف اور فیٹف سے ملی سہولیات اکتیس دسمبر تک ہیں۔ وزیراطلاعات کا کہنا تھا کہ اکتوبر تک 450 ارب کے منصوبے شروع ہو رہے ہیں، کام شروع کرنے سے پہلے نقشے اور دیگر معاملات کی سٹریٹجیز بنائی گئیں ہیں، غریب کیسے ایک گھر کا مالک بن سکتا ہے، مارک اپ کتنا ہوگا ان سب معاملات کو دیکھا جا رہا ہے۔ شبلی فراز نے مزید کہا کہ بینکنگ سیکٹر کے لئے بھی میکانزم تیار کیا گیا ہے، مستحق لوگوں کی شناخت کا میکانزم بھی تیار کیا گیا ہے، عام پاکستانی جو گھر نہیں خرید سکتا وہ خرید سکے گا، آسان اقساط کا لائحہ عمل بھی طے کیا گیا ہے۔