Thursday, March 28, 2024

کورونا سے پاکستان میں سیاحت کا شعبہ شدید متاثر ہوگیا

کورونا سے پاکستان میں سیاحت کا شعبہ شدید متاثر ہوگیا
April 6, 2020
اسلام آباد (92 نیوز) کورونا کی وجہ سے پاکستان میں سیاحت کا شعبہ شدید متاثر ہوگیا، سوات، اسکردو سمیت گلگت بلتستان میں لاک ڈاؤن کے باعث سیاحوں کی آمد رک گئی، ہوٹلز قرنطینہ مراکز میں تبدیل کردیئے گئے۔ ملک کے پرفضا ضلع سوات میں لاک ڈاؤن نے سیاحت اور ہوٹل انڈسٹری کو بھی شدید متاثر کردیا، کالام اور مالم جبہ کے سیاحتی مقامات پر دنیا بھر سے سیاح کھنچے چلے آتے ہیں، کورونا کے باعث علاقے کی رونقیں ختم ہوئیں تو ہوٹل مالکان بھی پریشان ہوگئے۔ ہوٹلز مالکان کہتے ہیں انہیں لاک ڈائون کے باعث بڑی قربانی دینا پڑ رہی ہے۔ موسم بہار کی آمد کے ساتھ ہی خیبرپختونخوا کے پر فضاء مقامات پر ملک بھر سے سیاح کھچے چلے آتے تھے۔ ضلع سوات میں ان دنوں میں خوب رونق اور چہل پہل رہتی تھی ہوٹلز آباد ہوتے تھے۔ لیکن کورونا وائرس سے بچائو کے لئے لاک ڈائون نے سیاحت کو متاثر کیا اور سوات کے ہوٹلز بھی ویران کردیئے۔ شہریوں کے ساتھ ہوٹلز مالکان بھی دعاگو ہیں کہ کورونا وائرس کی وباء کا جلد از جلد خاتمہ ہو تاکہ سوات کی رونقیں لوٹ آئیں۔ دنیا بھر کے سیاحوں کا مرکز گلگت بلتستان بھی کورونا سے بری طرح متاثر ہے۔ ہوٹل کے شعبے سے منسلک ہزاروں لوگ بے روزگار ہوگئے۔ آزاد کشمیر میں سیاحت کی سرگرمیاں بھی ختم ہو گئی ہیں جس کی وجہ سے سیاحت سے جڑے افراد شدید مالی مشکلات سے دوچار ہیں۔