Thursday, May 9, 2024

کورونا سے نمٹنا جو بائیڈن کی پہلی ترجیح ہو گی ، انتخابی ٹیم

کورونا سے نمٹنا جو بائیڈن کی پہلی ترجیح ہو گی ، انتخابی ٹیم
November 9, 2020
 واشنگٹن (92 نیوز) نو منتخب امریکی صدر جو بائیڈن عہدہ سنبھالنے کے بعد کیا کریں گے تفصیلات سامنے آ گئیں۔ کورونا وائرس سے نمٹنا بائیڈن کی پہلی ترجیح ہو گی۔ جو بائیڈن کانٹے کے مقابلے کے بعد امریکا کے 46 ویں صدر بن گئے ہیں اور انہیں بے شمار چیلنجز کا سامنا کرنا ہو گا لیکن ان کی انتخابی ٹیم کے مطابق انھوں نے کورونا وائرس کی عالمی وبا سے نمٹنے کو اپنی اولین ترجیح قرار دیا ہے۔ ان کی ٹیم نے اس حوالے سے ماہرین کی ٹاسک فورس کا بھی اعلان کر دیا ہے۔ اس ٹاسک فورس کی سربراہی سابق سرجن جنرل ویوک مورتھی کریں گے۔ اس کے علاوہ امریکی شہریوں کی ٹیسٹنگ میں بھی اضافہ کیا جائے گا اور تمام افراد سے ماسک پہننے کا مطالبہ کیا جائے گا۔ نو منتخب امریکی صدر معیشت، نسلی تعصب اور ماحولیاتی تبدیلی جیسے مسائل پر اپنی توجہ مرکوز کریں گے۔ امریکی میڈیا کے مطابق بائیڈن کے منصوبوں میں کئی صدارتی حکم نامے شامل ہوں گے۔ ان حکم ناموں کا مقصد ٹرمپ کی متنازع پالیسیوں کو بدلنا ہو گا۔ تفصیلات کے مطابق جو بائیڈن امریکا کو دوبارہ عالمی ماحولیاتی معاہدے کا حصہ بنانا چاہتے ہیں۔ اس کے علاوہ وہ عالمی ادارہ صحت سے دستبرداری کا فیصلہ بھی واپس لیں گے۔ نو منتخب امریکی صدر 7 ممالک پرعائد سفری پابندیاں ختم کرنا چاہتے ہیں۔ ان میں اکثریت مسلم ممالک کی ہے۔ تارکین وطن کے حوالے سے بائیڈن اوباما دور کی پالیسیاں بحال کریں گے جس کے تحت بغیر دستاویزات امریکہ داخل ہونے والے بچوں کو تارکین وطن کا درجہ دیا جائے گا۔ دوسری جانب اپنی ہار کو تسلیم کرنے سے انکاری ڈونلڈ ٹرمپ کو ان کی اہلیہ میلانیا ٹرمپ اور داماد جیرڈ کشنر نے شکست تسلیم کرنے کا کہا ہے۔ تاہم ٹرمپ کے دونوں بیٹے شکست تسلیم کرنے کے خلاف ہیں۔ ڈونلڈ جونیئر اور ایرک کا اصرار ہے کہ قانونی جنگ کو جاری رکھا جائے۔