Thursday, April 25, 2024

کورونا سے ملتان سمیت جنوبی پنجاب میں آم کی پیداوار اور ایکسپورٹ متاثر ہونیکا خدشہ

کورونا سے ملتان سمیت جنوبی پنجاب میں آم کی پیداوار اور ایکسپورٹ متاثر ہونیکا خدشہ
July 11, 2020
ملتان (92 نیوز) ملتان سمیت جنوبی پنجاب میں آم کی پیداوار متاثر ہونے اور کورونا وائرس کے باعث سفری پابندیوں کی وجہ سے آم کی ایکسپورٹ بھی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ 80 فیصد چونسہ آم لوکل مارکیٹ میں فروخت کرنا پڑے گا ، جس سے زرمبادلہ میں بھی نمایاں کمی ہوگی۔ پھلوں کے بادشاہ آم کو اس سال شروع سے ہی مشکلات کا سامنا رہا، پہلے موسمی تغیر اور بیماریوں سے پیداوار متاثر ہوئی تو اب کورونا کے باعث سفری پابندیوں کی وجہ سے آم کی ایکسپورٹ بھی متاثر ہو رہی ہے۔ بیرون ملک سب سے زیادہ پسند کیا جانے والا چونسہ اس بار بمشکل 20 فیصد تک ہی ایکسپورٹ ہو سکے گا۔ گذشتہ سالوں میں 50 فیصد آم مشرق وسطیٰ، 20 فیصد ایران و افغانستان جبکہ 25 فیصد کے قریب یورپ اور امریکا میں ایکسپورٹ ہوتا تھا، گذشتہ سال ایک لاکھ میٹرک ٹن آم ایکسپورٹ کیا گیا، تاہم اس بار بمشکل 30 ہزار میٹرک ٹن ہی برآمد ہو سکے گا، جس پر باغبان بھی پریشان ہیں۔ آم کے باغبان کہتے ہیں کہ گذشتہ سال کی نسبت اس بار پیداوار 50 فیصد کم ہے۔ آم کی ایکسپورٹ میں کمی سے ملکی زر مبادلہ میں بھی خاطر خواہ کمی کا سامنا کرنا پڑے گا۔