Saturday, May 11, 2024

کورونا سے مزید 43 افراد جان کی بازی ہار گئے، 2 ہزار 521 نئے کیسز

کورونا سے مزید 43 افراد جان کی بازی ہار گئے، 2 ہزار 521 نئے کیسز
January 17, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) پاکستان میں کورونا کے وار جاری ہیں، ایک دن میں 43 افراد جان کی بازی ہار گئے۔ پنجاب اور سندھ میں اموات زیادہ ہوئیں۔ 2 ہزار 521 نئے کیسز سامنے آئے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے مطابق گذشتہ روز کورونا کے 2 ہزار 521 نئے کیسز سامنے آئے جبکہ 43 افراد جان کی بازی ہارگئے، جس کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 10 ہزار 951 تک پہنچ گئی۔

ملک بھر میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 5 لاکھ 19 ہزار 291 تک پہنچ گئی۔ سندھ میں 2 لاکھ 34 ہزار 654، پنجاب میں 1 لاکھ 49 ہزار 222، کے پی کے میں 63 ہزار 339، بلوچستان میں 18 ہزار 569، اسلام آباد میں 40 ہزار 19، آزاد جموں و کشمیر میں 8 ہزار 606 اور گلگت بلتستان میں 4 ہزار 882 مریض ہیں۔

این سی او سی حکام کا کہنا ہے کہ کورونا کو شکست دینے والوں کی شرح بڑھنے لگی۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا سے صحت یاب ہونے والوں کی شرح 91.2 فیصد رہی۔ اب تک 4 لاکھ 73 ہزار 639 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں۔

ملک بھر میں ایکٹو کیسز کی تعداد 34 ہزار 701 ہے، سندھ میں 17 ہزار 946، پنجاب 10 ہزار 861، کے پی کے میں 3 ہزار 478، اسلام آباد 1 ہزار 794، گلگت بلتستان 31، بلوچستان 308 اور آزاد کشمیر میں 283 ایکٹو کیسز ہیں۔ گذشتہ 24 گھنٹوں میں 41 ہزار 191  افراد کے کورونا ٹیسٹ کیے گئے۔ ملک بھر میں اب تک 73 لاکھ 67 ہزار 622 ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔