Saturday, May 11, 2024

کورونا سے متاثرہ ڈاکٹر اور پیرامیڈیکل اسٹاف کی تعداد 712 ہوگئی

کورونا سے متاثرہ ڈاکٹر اور پیرامیڈیکل اسٹاف کی تعداد 712 ہوگئی
May 9, 2020
اسلام آباد (92 نیوز) ہیلتھ کئیر ورکرز پر کورونا وائرس کے وار تھم نہ سکے، متاثرہ ڈاکٹر اور پیرامیڈیکل اسٹاف کی تعداد 712 تک پہنچ گئی، 402 ڈاکٹرز اور 101 نرسز اور 209 پیرامیڈیکس شامل ہیں، ینگ ڈاکٹر ایسوسی ایشن خیبرپختونخوا کے صدر ڈاکٹر رضوان بھی کورونا کے مریض بن گئے۔ کورونا وائرس کے خلاف محاذ پر فرائض سر انجام دینے والے فرنٹ لائن محافظ ہی کورونا وائرس سے متاثرہیں، ملک بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ ڈاکٹر اور پیرامیڈیکل سٹاف کی تعداد 712 تک پہنچ گئی۔ وزارت نیشنل ہیلتھ اینڈ ایمرجنسی سروس کی رپورٹ کے مطابق اب تک 402 ڈاکٹرز کورونا سے متاثر ہو چکے ہیں۔ پنجاب میں 184, کے پی 186, بلوچستان میں 133، سندھ 122 اسلام آباد میں 63 ہیلتھ کئیر ورکرز متاثر ہوئے۔ رپورٹ کے مطابق کورونا سے متاثرہ نرسز کی تعداد بھی 101 تک پہنچ گئی جبکہ طبی عملے کے دیگر 209 افراد کورونا سے متاثر ہو چکے ہیں۔ ملک بھر میں 163 ہیلتھ کئیر ورکرز نے کورونا کو شکست دی، ڈاکٹرز سمیت طبی عملے کے 10 افراد کورونا سے جان کی بازی ہار گئے۔ میڈیکل سے وابستہ 192 افراد مختلف ہسپتالوں میں زہر علاج ہیں، تمام زیر علاج افراد کی حالت خطرے سے باہر ہے، 347 افراد گھروں اور دیگر مقامات پر قرنطینہ کئے گئے ہیں۔ دوسری جانب این ڈی ایم اے کی رپورٹ بتا رہی ہے کہ ملک بھر میں حفاظتی سامان کی کمی کو پورا کر دیا گیا ہے آزاد کشمیر سمیت ملک کے ہر صوبے کو سامان کی فراہمی مکمل ہو چکی ہے۔