Wednesday, May 8, 2024

کورونا سے دنیا بھر میں ہلاکتیں ایک لاکھ 23 ہزار، 19 لاکھ سے زائد متاثر

کورونا سے دنیا بھر میں ہلاکتیں ایک لاکھ 23 ہزار، 19 لاکھ سے زائد متاثر
April 15, 2020

واشنگٹن (92 نیوز) کورونا وائرس عالمی سطح پر انیس لاکھ سے زائد افراد کو متاثر کرگیا، جن میں سے ایک لاکھ 23 ہزار سے زائد ہلاک ہوچکے، 19 لاکھ 56 ہزار سے زائد افراد وائرس کا شکار ہوگئے۔ صحتیاب مریضوں کی تعداد میں اسپین چین کے بعد دوسرے نمبر پر آگیا، امریکی صدر کہتے ہیں ملک میں نئے کیسز سامنے آنے کی رفتار میں ٹھہراؤ آرہا ہے۔

کورونا کی نئی قسم کووِڈ نائن ٹین تاحال بے قابو ہے، ترقی یافتہ ہوں یا ترقی پذیر یا پھر غربت کا شکار ہیں، دنیا کا ہر ملک موذی وباء کا شکار بن چکا۔

امریکا میں چوبیس گھنٹوں کے دوران ساڑھے چودہ سو سے زائد افراد دم توڑ گئے، مجموعی ہلاکتیں 24 ہزار 500 سے زائد ہوگئیں۔ متاثرین کی مجموعی تعداد بھی چھ لاکھ 3 ہزار سے تجاوز کرچکی ہے، صدر ٹرمپ کہتے ہیں نئے کیسز کی تعداد میں ٹھہراؤ آرہا ہے، وائرس کی روک تھام کیلئے انھوں نے چھے جنوری سے ہی اقدامات کا آغاز کردیا تھا۔

قاتل وائرس نے برطانیہ میں تباہی مچائی ہوئی ہے، مزید سات سو سترہ مریض زندگی کی بازی ہار گئے، حکومت نے وائرس کا پھیلاؤ روکنے کیلئے لاک ڈاؤن میں ایک ہفتے کی توسیع کردی۔

اسپین میں حالات میں بہتری نظر آرہی ہے، جہاں چین کے بعد سب سے زیادہ پینسٹھ مریض صحتیاب ہوئے ہیں، یومیہ کیسز کی تعداد کم ہونے پر لاک ڈاؤن میں جزوی نرمی کردی گئی، جس کے بعد تین لاکھ مزدور تعمیراتی کاموں پر واپس آگئے ہیں۔ اسپین میں مجموعی ہلاکتیں 18 ہزار 56 ہیں۔

اٹلی میں ایک بار پھر ہلاکتیں چھ سو سے تجاوز کرگئیں، مجموعی ہلاکتیں 21 ہزار سے زائد ہوگئیں۔ حکومت نے لاک ڈاؤن یکم مئی تک برقرار رکھنے کا اعلان کردیا، فرانس میں پانچ سو چوہتر نئی ہلاکتیں رپورٹ ہوئی ہیں، صدر ایمونیل میکرون نے لاک ڈاؤن کی میعاد گیارہ مئی تک بڑھا دی ہے۔

ادھر ترکی میں کورونا مزید اٹھانوے زندگیاں نگل گیا، صدر طیب اردوان نے ہر ہفتے کے اختتام پر دو روزہ کرفیو نافذ کرنے کا اعلان کیا ہے، جبکہ پارلیمنٹ نے بھی وائرس سے بچاؤ کیلئے ہزاروں قیدیوں کی رہائی کا بل پاس کر لیا۔

ادھر روس میں بھی ایک روز میں اٹھارہ ہلاکتیں اور دو ہزار پانچ سو اٹھاون کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، صدر ولادی میر پیوٹن نے کورونا وائرس کا مقابلہ کرنے کیلئے وزارت دفاع کے وسائل استعمال کرنے کا عندیہ دے گیا۔

بھارت میں مجموعی اموات ساڑھے تین سو تجاوز کرچکی ہے، اب تک گیارہ ہزار کے قریب افراد وائرس کا شکار بن چکے ہیں، بگڑتی صورتحال کے پیش نظر وزیراعظم مودی نے لاک ڈاؤن کو تین مئی تک بڑھا دیا ہے۔