Sunday, May 12, 2024

کورونا سے دنیا بھر میں ایک لاکھ 65 ہزار سے زائد ہلاکتیں ہو گئیں

کورونا سے دنیا بھر میں ایک لاکھ 65 ہزار سے زائد ہلاکتیں ہو گئیں
April 20, 2020
 واشنگٹن (92 نیوز) کورونا کے وار بدستور برقرار ہیں۔ دنیا بھر میں ایک لاکھ 65 ہزار سے زائد ہلاکتیں ہو گئیں ۔ 24 لاکھ سے زائد افراد وائرس سے متاثر ہیں۔ برطانیہ میں مزید 596 افراد ہلاک ، تعداد 16 ہزار سے بڑھ گئی۔ اٹلی میں مزید 433 ، اسپین میں 410، فرانس میں 395 ہلاکتیں ،  بیلجیئم میں مزید 230، ترکی میں 127، کینیڈا میں 113، برازیل میں 101 اموات ، سعودی عرب میں 1088 نئے مریض، تعداد 9362 ہو گئی ۔ پانچ افراد جاں بحق، تعداد 97 تک جا پہنچی۔ کورونا وائرس کا سب سے بڑا نشانہ اس وقت امریکا بنا ہوا ہے جہاں مجموعی اموات ساڑھے چالیس ہزار جبکہ متاثرین کی تعداد ساڑھے سات لاکھ سے بھی بڑھ گئی۔ نیویارک میں چوبیس گھنٹوں میں مزید چھ سو ستائیس مریض مارے گئے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کہتے ہیں ان کا ملک دنیا میں سب سے زیادہ ٹیسٹ کر رہا ہے ۔ اسپتال میں متاثرین کی تعداد میں واضح کمی آرہی ہے ۔ وہ بہترین اقدامات کرنے پر گورنر نیویارک اینڈریو کیومو کے شکرگزار ہیں۔ یورپ میں کووڈ نائن ٹین سے مجموعی اموات ایک لاکھ سے تجاوز کر چکی ہیں۔ برطانیہ میں وائرس کا پھیلاؤ مسلسل بڑھ رہا جہاں چوبیس گھنٹوں میں مزید پانچ سو چھیانوے افراد مارے گئے ہیں۔ اٹلی اور اسپین کی صورتحال بتدریج بہتر ہو رہی ہے۔  دونوں ممالک میں چار سو سے زائد اموات ریکارڈ کی گئیں ۔ فرانس میں تین سو پچانوے، بیلجیئم میں دو سو تیس جبکہ جرمنی میں اڑتالیس ہلاکتیں رپورٹ کی گئیں۔ ترکی میں مجموعی اموات دو ہزار سے تجاوز کرچکی ہیں۔ ادھر روس میں بھی کورونا زور پکڑ رہا ہے، چوبیس گھنٹوں کے دوران اڑتالیس افراد ہلاک ہو گئے۔ انڈونیشیا میں ایک ہی روز میں سنتالیس مریض دم توڑ گئے۔ ایران میں یومیہ اموات ستاسی تک آچکی ہیں۔ اس وقت ملک میں اٹھائیس ہزار ایکٹو کیسز موجود ہیں۔ ادھر بھارت میں ایک ہی روز میں اڑتیس ہلاکتیں رپورٹ ہوئیں۔ اب تک ساڑھے پانچ سو سے زائد مریض ہلاک ہو چکے ہیں۔