Sunday, September 8, 2024

کورونا سے دنیا بھر میں اموات ایک لاکھ 77 ہزار سے تجاوز کر گئیں

کورونا سے دنیا بھر میں اموات ایک لاکھ 77 ہزار سے تجاوز کر گئیں
April 22, 2020
واشنگٹن (92 نیوز) کورونا وائرس نے دنیا بھر میں ساڑھے پچیس لاکھ افراد کو متاثر کر ڈالا۔ ہلاکتیں ایک لاکھ ستتر ہزار سے تجاوز کر چکی ہیں۔ کورونا وائرس تاحال بے قابو ہے۔ بے جان اور ان دیکھی چیز کے آگے انسانی زندگی کا پہیہ جام ہو گیا۔ نقل و حرکت رک گئی ، فضائیں اور سڑکیں سب سنسان پڑ چکے ہیں۔ عبادت گاہیں بھی خالی پڑی ہیں۔ امریکا میں کورونا کسی صورت تھمنے کا نام نہیں لے رہا۔ ایک ہی روز میں دو ہزار آٹھ سو چار مریض دم توڑ گئے۔ یہ اب تک کی ریکارڈ کی جانے والی سب سے زیادہ یومیہ اموات ہیں۔ متاثرین کی تعداد بھی آٹھ لاکھ سولہ ہزار سے تجاوز کر چکی ہے۔ یورپی ممالک میں کووڈ نائن ٹین کا زور کم پڑ رہا۔ برطانیہ میں آٹھ سو اٹھائیس نئی ہلاکتیں رپورٹ ہوئیں۔ چار ہزار تین سو ایک نئے کیسز کے ساتھ متاثرین کی مجموعی تعداد ایک لاکھ انتیس ہزار سے بڑھ گئی ہے۔ چوبیس گھنٹوں کے دوران اٹلی میں پانچ سو چونتیس، فرانس میں پانچ سو اکتیس، اسپین میں چار سو تیس جبکہ جرمنی میں ایک سو اکہتر اموات ریکارڈ کی گئیں۔ ترکی میں مزید ایک سو انیس مریض دم توڑ چکے ہیں۔ ایران میں یومیہ اموات بتدریج کم ہو رہیں۔ چوبیس گھنٹوں کے دوران اٹھاسی مریض جاں بحق ہوئے۔ ادھر بھارت میں کورونا کے وار بڑھ رہے جہاں مزید تریپن افراد لقمہ اجل بن گئے۔ متاثرین کی تعداد بیس ہزار سے بڑھ چکی ہے۔