Saturday, April 27, 2024

کورونا سے اٹلی میں 345 ،اسپین میں 191،امریکا میں 23افراد ہلاک

کورونا سے اٹلی میں 345 ،اسپین میں  191،امریکا میں 23افراد ہلاک
March 18, 2020

لندن ( 92 نیوز) کورونا وائرس  پوری دنیا کے لیے وبال جان بن گیا ، اٹلی میں مجموعی ہلاکتوں کی تعداد 2503 تک جا پہنچی، امریکا میں بھی مزید 23 افراد دم توڑ گئے، برطانیہ، فرانس اور اسپین میں ہلاکتوں میں اضافہ، بیلجیئم میں آج سے لاک ڈاون کر دیا جائے گا۔

کورونا  وائرس یورپ پر قہر بن کر ٹوٹ پڑا ، اٹلی، چین کے بعد سب سے زیادہ متاثرہ ملک بن گیا جہاں  مزید 345 افراد جان کی بازی ہار بیٹھے جس کے بعد مجموعی ہلاکتوں کی تعداد 2503 ہو گئی ہے۔ وائرس کے مجموعی کیسز کی تعداد 31 ہزار 506 ہے۔

اسپین میں مزید 191 افراد دم توڑ گئے جس کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 533 ہو گئی۔ فرانس میں کورونا مزید 27 افراد کی زندگیاں نگل گیا، ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 175 ہو گئی۔

برطانیہ میں بھی وائرس سے ہلاکتوں کا سلسلہ جاری ہے ،  مزید 16 افراد لقمہ اجل بن گئے ہیں جس کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 71 تک جا پہنچی ہے۔

 برطانوی وزیر خزانہ نے کاروباری کمپنیوں کی اعانت کیلئے 330 ارب پاونڈ کے قرضوں کا اعلان بھی کیا ہے۔ جرمنی میں مزید 9 ہلاکتوں کے بعد تعداد 26 ہو گئی ہے۔

امریکا میں کورونا وائرس تمام 50 ریاستوں میں پھیل گیا ہے۔ مزید 23 افراد موذی وائرس کا شکار بن گئے ہیں جس کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 109 ہو چکی ہے۔ کیسزکی تعداد 6 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے۔

کینیڈا میں 4 مزید افراد وائرس سے ہلاک ہو گئے ہیں۔ مجموعی ہلاکتیں 8 ہو چکی ہیں۔ مجموعی کیسز کی مجموعی تعداد 562 تک جا پہنچی ہے۔

دوسری جانب بیلجیئم کی وزیراعظم صوفی ویلمس نے پورے ملک کو 5 اپریل تک لاک ڈاون کرنے کا اعلان کیا ہے ،  وائرس کے پھیلاو کو روکنے کیلئے شہریوں کی نقل و حرکت محدود کر دی گئی ہے اور انہیں صرف سپرمارکیٹس، فارمیسی اور بنکوں تک جانے کی اجازت ہو گی۔ لوگوں کے اجتماع پر پابندی ہو گی۔