Friday, March 29, 2024

کورونا ریلیف ٹائیگر فورس کی رجسٹریشن کا آغاز ابھی تک نہ ہو سکا

کورونا ریلیف ٹائیگر فورس کی رجسٹریشن کا آغاز ابھی تک نہ ہو سکا
April 1, 2020
اسلام آباد (92 نیوز) کورونا ریلیف ٹائیگر فورس کی رجسٹریشن کا آغاز ابھی تک نہ ہو سکا۔ عمران خان نے 31 مارچ کو خود کورونا ریلیف ٹائیگر فورس کی رجسٹریشن کا آغاز کرنا تھا۔ اگر آپ کورونا ریلیف ٹائیگرز فورس کا حصہ بننا چاہتے ہیں تو وزیراعظم سیٹیزن پورٹل کا رخ کریں۔ وہاں ڈیجیٹل فارم کو پر کرکے رجسٹریشن کا عمل مکمل کریں۔ ڈیجیٹل فارم میں نام، پتہ عمر، موبائل نمبر یونین کونسل و ضلع کی تفصیلات شامل ہیں۔ سب سے پہلے آپ سیٹیزن پورٹل کی ایپلیکیشن اوپن کرینگے ۔ ہوم پیج یا مین پیج پر جمع کا نشان ہو گا۔ اسے کلک کرنے کے بعد کورونا ٹائیگر فورس کا پیج اوپن ہو گا وہاں سے رجسٹریشن شروع ہو گی۔ آپ سے آپ کا نام ، شناختی کارڈ نمبر، موبائل نمبر، تاریخ پیدائش، جنس اور صحت بارے پوچھا جائیگا۔ اس کے بعد ایک اور فارم ہو گا جس میں تعلیم ، قابلیت ، تجربہ، صوبہ ، یونین کونسل ، ضلع ، تحصیل پوچھی جائے گی۔ اس کے بعد آپ رجسٹرڈ ہوجائینگے۔ کورونا ریلیف ٹائیگرز فورس کے لئے رضاکاروں کی رجسٹریشن 10 اپریل تک مکمل ہو گی۔ 18 سال سے زیادہ عمر کے نوجوان رجسٹریشن کرا سکیں گے۔ فورس تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کے ماتحت کام کرے گی جن کے ساتھ ڈیٹا شیئر کیا جائیگا۔ کورونا ریلیف ٹائیگر فورس مکمل لاک ڈاؤن یا کرفیو کی صورت میں متحرک ہو گی۔ گھروں تک راشن سپلائی اور خوراک پہنچائے گی۔ ذخیرہ اندوزی کی نشاندہی کرنے کا اختیار بھی حاصل ہو گا۔ رضا کار قرنطینہ سنٹرز میں کورونا کے مشتبہ مریضوں کی نگرانی بھی کر سکیں گے۔ نوجوانوں کو گھروں تک راشن سپلائی کی تربیت دی جائیگی۔