Wednesday, May 8, 2024

کورونا ریلیف ٹائیگر فورس کی عالمی سطح پربھی پذیرائی

کورونا ریلیف ٹائیگر فورس کی عالمی سطح پربھی پذیرائی
May 17, 2020

اسلام آباد ( 92 نیوز) ‏وزیراعظم کورونا ریلیف  ٹائیگر فورس کی عالمی سطح پر بھی زبردست پذیرائی ہو رہی ہے ، برطانوی اخبار ٹیلی گراف نے اپنے آرٹیکل میں لکھا کہ مشکل وقت میں پاکستانی حکومت نے ملک کے سب سے بڑے وسائل کو استعمال کیا، ملکی خدمت کا خواب دیکھنے والے نوجوان، اب ان خوابوں کی تکمیل بھی کر سکیں گے۔

برطانوی اخبار ٹیلی گراف نےپاکستان کی کورونا ریلیف ٹائیگر فورس  پر اپنے آرٹیکل میں لکھا کہ مشکل وقت میں پاکستانی حکومت نے ملک کے سب سے بڑے وسائل کو استعمال کیا، کورونا وبا سے نمٹنے کیلئے قومی جذبے سے سرشار نوجوانوں پر مشتمل ٹائیگر فورس بنائی گئی ہے، جس میں لاکھوں نوجوان رضا کارانہ طور پر شامل ہوئے۔

برطانوی اخبار نے کورونا ریلیف ٹائیگر فورس کے مقاصد پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ سول رضا کاروں پر مشتمل یہ فورس غریبوں تک مدد پہنچائے گی ، ٹائیگر فورس پولیس اور ضلعی انتظامیہ سمیت ہیلتھ پروفیشنلز کی معاونت بھی کرے گی ، ان رضاکاروں سے ہسپتالوں، مساجد اور مارکیٹوں میں بھی خدمات لی جائیں گی۔

ٹیلی گراف کے آرٹیکل میں وزیراعظم عمران خان کے بیان کا حوالہ بھی دیا گیا جس میں انہوں نے نوجوانوں کو ملک کا سب سے بڑا اثاثہ قرار دیا جبکہ وزیراعظم کے معاون خصوصی عثمان ڈار کے مطابق ٹائیگر فورس میں توقع سے زیادہ نوجوانوں نے رجسٹریشن کرائی ہے ۔ چند ہی دنوں میں ملک بھر سے 10 لاکھ نوجوان رضا کار فورس کا حصہ بنے، چار لاکھ طلباء، 50 ہزار انجینئر اور 45 ہزار اساتذہ بھی ٹائیگر فورس کا حصہ ہیں۔