Wednesday, April 24, 2024

کورونا ریلیف فنڈ وباء سے لڑنے کیلئے قائم کیا گیا ہے ، وزیر اعظم

کورونا ریلیف فنڈ وباء سے لڑنے کیلئے قائم کیا گیا ہے ، وزیر اعظم
April 1, 2020

اسلام آباد ( 92 نیوز ) وزیر اعظم عمران خان نے اپنے ٹویٹر پیغام میں قوم سے کہا کہ کورونا ریلیف فنڈ وباء سے لڑنے کیلئے قائم کیا گیاہے ،  چاہتا ہوں کہ ہر شخص فنڈ میں عطیہ دے ، لاک ڈاؤن سے متاثرہ افراد کی مدد کیلئے یہ فنڈ استعمال ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ اپنے قابل ٹیکس عطیات نیشنل بینک آف پاکستان کی کراچی میں قائم کرکزی شاخ میں موجود اکاؤنٹ نمبر 4162786786 پر بھجوائیں ۔

وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ  چاہتا ہوں نوجوان کورونا وائرس سے نمٹنے کےلیے اپنا کردار اداکریں،ٹائیگر فورس میں شامل ہوکرکوڈ19 کےخلاف ہماری لڑائی میں مدد کریں، کورونا ٹائیگرفورس وبا سے پیدا ہونے والے مسائل کےخلاف جہاد کرے گی۔

دو روز قبل وزیر اعظم نے  کورونا ریلیف فنڈ کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس کا نیشنل بینک آف پاکستان میں  اکاؤنٹ ہوگا ، پرسوں سے اس اکاؤنٹ میں جو بھی پیسہ ڈالے گا  اس سے کسی قسم کے سوالات نہیں پوچھے جائیں گے ،  اگر آپ وہ پیسہ ٹیکس میں ڈکلیئر کریں گے تو آپ کو ٹیکس میں چھوٹ ملے گا، ان پیسوں سے ہم بیروزگار لوگوں کیلئے  ماہانہ فنڈ  دیں گے ، اگر کورونا کی  وباء لمبی چلی تو  ظاہر ہے ہمیں پیسے  چاہئے ہوں گے ۔

وزیر اعظم نے کورونا ریلیف فنڈ کیساتھ  ٹائیگر فورس کے قیام کا بھی اعلان کیا تھا، قوم سے خطاب میں انہوں نے کہا تھا کہ کا کام ہوگا کہ یہ ان علاقوں میں کھانے پینے کا سامان پہنچائے گی جہاں لاک ڈاؤن ہوگا، یہ عوام کو آگاہی دیں گے کہ  خود کو قرنطینہ کیسے کرنا ہے ،  لوگ کورونا کے مریض کو مجرموں کی طرح دیکھنا شروع ہو جاتے ہیں ۔

قوم سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ  کورونا وائرس بوڑھوں اور بیمار لوگوں کیلئے خطرہ ہے ، صرف چار سے پانچ فیصد لوگ ہیں جو اسپتال جاتے ہیں ، کورونا ریلیف ٹائیگر فورس میں تمام  شعبے کے افراد  ڈاکٹر، نرس ، ڈرائیور ، انجینئر ہر طرح کے لوگ آسکتے ہیں ۔ ٹائیگر  فورس باقی اداروں کیساتھ مل کر وہ کمی پوری کرے گی جس کا ہمیں سامنا ہے ۔