Friday, March 29, 2024

کورونا ذمہ داریوں کی ادائیگی میں جاں بحق ہیلتھ ورکرز کو شہداء پیکیج ملے گا، ظفرمرزا

کورونا ذمہ داریوں کی ادائیگی میں جاں بحق ہیلتھ ورکرز کو شہداء پیکیج ملے گا، ظفرمرزا
June 12, 2020
اسلام آباد (92 نیوز) کورونا وائرس کے فرنٹ محاذ پرلڑنے والے ڈاکٹروں اور سٹاف کے لئے خصوصی پیکیج کا اعلان کردیا گیا۔ معاون خصوصی ڈاکٹر ظفرمرزا کہتے ہیں ذمہ داریوں کی ادائیگی کے دوران جاں بحق ہونیوالے ہیلتھ ورکرز کو شہداء پیکیج ملے گا۔ مشکل حالات میں ذمہ داری ادا کرنیوالے ہیلتھ ورکرز ہمارے ہیرو ہیں۔ معاون خصوصی صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے پریس بریفنگ میں بتایا کہ فرنٹ لائن ورکرز کا تحفظ اوران کی معاونت اہم ترجیح ہے۔ ذمہ داریوں کی ادائیگی کے دوران جاں بحق ہونیوالے ہیلتھ ورکرز کو شہداء پیکج ملے گا۔ ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا تھا کہ چین کے تعاون سے 5 ہزار ہیلتھ ورکرز کی ٹریننگ کا انتظام کیا گیا۔ پروگرام کے تحت ایک لاکھ ہیلتھ ورکرز کو حفاظتی سامان سے متعلق تربیت دی جا رہی ہے۔ ہیلتھ ورکرز ہیلپ لائن 1166 پر اپنے مسائل بھی درج کرا سکیں گے۔ معاون خصوصی نے بتایا کہ صوبائی وزراء صحت اور ماہرین سے بھی اس پیکج پر مشاورت کی گئی۔ وفاقی اور صوبائی حکومتیں خصوصی پیکج پر اطلاق کی ذمہ دار ہونگی۔ ڈاکٹر ظفر مزرا کا کہنا تھا کہ نجی اسپتالوں کی معاونت کیلئے رعایتی شرح پر قرضے دیئے جا رہے ہیں، مشینری کی درآمد میں ڈیوٹی پر رعایت بھی ملے گی۔