Friday, April 19, 2024

کورونا بڑا مسئلہ ہے ، بلاول بھٹو زرداری

کورونا بڑا مسئلہ ہے ، بلاول بھٹو زرداری
March 19, 2020
کراچی (92 نیوز) چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کورونا بڑا مسئلہ ہے۔ کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا سندھ حکومت نے ایران سے آنیوالے زائرین کی فہرستیں حاصل کر کے انہیں گھروں میں قرنطینہ میں رکھا اور جن افراد میں کورونا کی علامات تھیں ان کے ٹیسٹ کرائے ۔ بلاول بھٹو زرداری بولے ہم نے سماجی رابطوں سے فاصلہ کرنا ہے۔ ہم سب نے اپنی صحت کا خیال رکھنا ہے۔ وزیراعلی اور انکی ٹیم کورونا وائرس کے تدارک کے لیے کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کورونا وائرس سے جان کو خطرہ ہے۔ یہ گلوبل مسئلہ ہے، کورونا وائرس عام فلو نہیں۔ کورونا وائرس صرف بزرگوں کو نہیں ہر فرد کو متاثر کر سکتا ہے۔ دنیا کے ترقی یافتہ ممالک جن کا بہترین میڈیکل نظام ہے وہ بھی پریشان ہیں۔ چیئرمین پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کراچی میں بڑا فیلڈ اسپتال بنایا جائے گا۔  ابھی سے فیلڈ اسپتال کی تیاری کر رہے ہیں ۔ ہم چاہتے ہیں کہ پورے ملک میں لاک ڈاون ہو ۔ کوشش کریں کہ اس طرح جو کچھ کیا جا سکتا ہے کریں ۔ ہم کہہ رہے ہیں کہ اگلے پندرہ روز گھر رہنا پڑے گا۔ سندھ حکومت تمام غریب عوام کے گھر تک راشن کھانا پہنچائے گی۔ سندھ حکومت یقینی بنائے کہ کوئی یومیہ اجرت پر کام کرنیوالا بیروزگار نہ ہو۔ قانون کے مطابق مالکان کو پوری تنخواہ ملازمین کو دینا ہو گی۔ سندھ حکومت مالکان کو بعد میں متبادل دے گی۔ بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کورونا کے سبب دو محاذ پر جنگ ہونیوالی ہے۔ وائرس کی وجہ سے معیشت پر اثر ہونا ہے۔ وفاق کو سوچنا ہو گا کہ معیشت بچانے کے لیے کیا کرنا ہو گا۔ وفاقی حکومت کو ٹھوس اقدامات کرنا ہونگے۔ کورونا وائرس سے نکلنے کےبعد بھی اربوں روپے بحالی کے لیے درکار ہونگے۔ انہوں نے کہا کورونا وائرس کے تدارک کے لیے بھرپور سرمایہ کاری کرنا ہو گی ۔ جانتا ہوں کہ ہم ملکر بیماری کا مقابلہ کر سکتے ہیں ۔ ہمیں ازخود کو قرنطینہ کرنا ہو گا۔ ارکان اسمبلی لوگوں کو آگاہی دیں کہ ہمیں سماجی سرگرمیاں محدود کرنا ہیں۔ چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا عمران خان پر تنقید نہیں کروں گا ان سے امید ہے۔ امید ہے کہ وفاقی حکومت قیادت کرتے ہوئے تمام صوبوں کو ساتھ لیکر چلے گا ۔ وفاقی حکومت کی ذمہ داری ہے کہ تمام صوبوں کو ساتھ لیکر چلنا ہے ۔ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ پورے ملک میں لاک ڈاون اور آئسولیشن کیا جائے۔ وزیراعظم اپنی ذمہ داری کے مطابق کام کریں ۔ ہم نے ملکر حالات کا مقابلہ کرنا ہے۔