Tuesday, May 14, 2024

کورونا ایس اوپیز کی خلاف ورزیوں پر لاہور، راولپنڈی سمیت دیگر شہروں میں کئی دکانیں سیل

کورونا ایس اوپیز کی خلاف ورزیوں پر لاہور، راولپنڈی سمیت دیگر شہروں میں کئی دکانیں سیل
June 5, 2020
لاہور (92 نیوز) کورونا ایس اوپیز کی خلاف ورزیوں پر سخت ایکشن کے تحت شہر شہر مارکیٹوں میں چھاپے مارے گئے، ایس اوپیز پرعملدرآمد نہ کرنے پر لاہور، راولپنڈی سمیت دیگر شہروں میں متعددکانیں سیل جبکہ کئی دکاندار گرفتار کر لیے گئے۔ وزیر صنعت پنجاب میاں اسلم اقبال نے دو ٹوک الفاظ میں کہہ دیا کہ جو تاجر ماسک فراہم نہیں کرسکتا دکان کو تالا لگا کر گھر چلا جائے، اگر کوئی دکان7 بجے کے بعد کھلی تو متعلقہ ایس ایچ او کیخلاف بھی ایکشن ہوگا۔ لاہور پولیس اور ضلعی انتظامیہ نے کریم مارکیٹ، گلشن اقبال سمیت دیگر علاقوں میں کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 187 دکانوں کو سیل کردیا، فیصل آباد میں حکومتی ایس او پیز کی خلاف ورزیوں پر اتنظامیہ نے کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 342 دکانیں، 6 شاپنگ مالز، 11 ریسٹورنٹس اور 30 دیگر دکانیں سیل کردیں، چوک گھنٹہ گھر پر بھی متعدد دکانوں کو سیل کردیا گیا۔ ادھر شہر بھر میں ٹریفک پولیس اہلکار بھی ایکٹو ہو گئے، بغیر ماسک ڈرائیونگ پر درجنوں گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں تھانوں میں بند کردی گئیں۔ راولپنڈی میں ایس او پیز کو خاطر میں نہ لانے والے ٹرانسپورٹرز کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے متعدد ڈرائیورز کو چالان تھما دیے، سماجی فاصلہ قائم نہ رکھنے کے جرم میں ٹرانسپورٹرز کے خلاف 18 ہزار روپے جرمانہ کیا گیا۔ کامونکی میں متعدد دوکانیں، ہوٹل اور ٹریول ایجنسیاں بند کرادی گئیں، دیپالپور میں بھی 10 دوکانداروں کو وارننگ جاری کی گئی جبکہ ایس او پیز پر عملدرآمد نہ کرنے پر 5 بسوں اور ویگنوں کو 15 ہزار جرمانہ کیا گیا، گوجرانوالہ میں انتظامیہ اور تاجروں کے درمیان مذاکرات کے بعد ایس او پیز کی خلاف ورزیوں پر بند ہونے والی مارکیٹیں کھول دی گئیں۔ شرقپور شریف میں شادی کی تقریب پر چھاپہ مار کر سامان ضبط کرلیا گیا جبکہ دلہا اور دلہن کے بھائی کو گرفتار کرلیا گیا، مظفرگڑھ میں کورونا ایمرجنسی اور پابندی کے باوجود سرکاری اسکول میں شادی کی تقریب سجائی گئی، ادھر اسلام آباد میں ہفتے اور اتوار کو مکمل لاک ڈاؤن کا نوٹی فکیشن جاری کردیا گیا، صرف میڈیکل اسٹورز اور انتہائی ضروری اشیا کی دکانیں کھلیں گی۔