Thursday, May 9, 2024

ایم بی بی ایس فائنل ائیر کے طلبا کو ضمنی امتحانات میں بیٹھنے کی اجازت مل گئی

ایم بی بی ایس فائنل ائیر کے طلبا کو ضمنی امتحانات میں بیٹھنے کی اجازت مل گئی
June 10, 2020
 لاہور (92 نیوز) پنجاب حکومت نے کورونا ایس او پیز کے تحت ایم بی بی ایس فائنل ائیر کے طلبا کو ضمنی امتحانات میں بیٹھنے کی اجازت دیدی ۔ کابینہ کمیٹی برائے کورونا نے محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کئیر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن کی تجویز منظور کی۔ سیکرٹری صحت نبیل اعوان کا کہنا ہے کہ کابینہ کمیٹی برائے کورونا نے ایم بی بی ایس فائنل ائیر کلاس کے ضمنی امتحانات لینے کی اجازت دے دی ہے۔ امتحان لینے کا فیصلہ طالبعلموں کے قیمتی وقت کے ضیاع کو روکنا ہے۔ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز سمیت دیگر تعلیمی ادارے کو حفاظتی اقدامات اپنانے کے پابند ہیں۔ اس سے قبل یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کو کابینہ کمیٹی برائے کورونا سے منظوری لیے بغیر امتحان لینے پر روکا گیا تھا۔ ادھر محکمہ سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ پنجاب کی جانب سے طلبہ کی اگلی کلاسز میں پرموشن کا نوٹفکیشن جاری کر دیا گیا ۔ صوبائی وزیر سکول ایجوکیشن ڈاکٹر مراد راس کے مطابق پہلی سے آٹھویں جماعت کے طلبہ کو بغیر امتحانات کے اگلی جماعتوں میں پرموٹ کیا جارہا ہے۔ حکومت کے اس فیصلے کا اطلاق نجی او سرکاری دونوں سکولوں پر ہوگا۔ فیصلہ بین الاصوبائی وزیر برائے تعلیم کے اجلاس میں ہونے والے فیصلے کی روشنی میں کیا گیا ہے۔