Thursday, March 28, 2024

کورونا ایس او پیز پر عمل درآمد کیلئے مختلف شہروں میں پاک فوج کی آمد

کورونا ایس او پیز پر عمل درآمد کیلئے مختلف شہروں میں پاک فوج کی آمد
April 26, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) پنجاب، خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں کورونا ایس او پیز پر عمل درآمد کیلئے پاک فوج کے جوان پہنچ گئے۔

ایس او پیز پر عملدرآمد میں کوتاہی نہیں چلے گی۔ پاک فوج ایس او پیز پر عمل کرانے کے لیے آ گئی۔ رینجرز، ایف سی اور جی بی اسکاؤٹس بھی خدمات سرانجام دیں گے۔ وزارت داخلہ نے پاک فوج کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ وزیر داخلہ شیخ رشید کہتے ہیں پنجاب، خیبرپختونخوا، بلوچستان، اسلام آباد، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر فوج کی خدمات لیں گے۔

سرگودھا میں پاک فوج اور پولیس نے فلیگ مارچ کیا۔ شہریوں کو ایس او پیز پر عملدرآمد کی ہدایت کی گئی۔ گوجرانوالا میں ایس او پیز پر عمل کرانے کیلئے پاک فوج آ گئی۔ سیالکوٹ کینٹ اور دیگر علاقوں میں پاک فوج نے گشت کیا۔ ایس او پیز کی خلاف ورزی پر متعدد دکانیں سیل کر دی گئیں۔ پشاور میں بھی پاک فوج ضلعی انتظامیہ کے ساتھ اِن ایکشن نظر آئی۔

سندھ حکومت نے پاک فوج کی مدد طلب کر لی۔ محکمہ داخلہ سندھ نے وفاقی سیکرٹری وزارت داخلہ کو خط لکھ دیا۔ سول حکومت کی مدد کیلئے پاک فوج تعینات کرنے کی سفارش کی گئی۔