Thursday, May 9, 2024

سپریم کورٹ نے ڈاکٹرظفر مرزا کا معاملہ حکومت پر چھوڑنے کی استدعا منظور کرلی

سپریم کورٹ نے ڈاکٹرظفر مرزا کا معاملہ حکومت پر چھوڑنے کی استدعا منظور کرلی
April 13, 2020
اسلام آباد (92 نیوز) سپریم کورٹ نے معاون خصوصی صحت ڈاکٹرظفر مرزا کی کارکردگی پر عدم اعتماد کا اظہار کردیا، چیف جسٹس نے وزیراعظم کے معاون خصوصی ظفرمرزا کو ہٹانے کا کہا تو اٹارنی جنرل نے معاملہ حکومت پر چھوڑنے کی استدعا کردی جسے منظور کرلیا گیا۔ کورونا وائرس ازخود نوٹس کیس کی سماعت چیف جسٹس کی سربراہی میں پانچ رکنی لارجر بینچ نے کی۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ ڈاکٹر ظفر مرزا سے مطمئن نہیں، انہیں عہدے سے ہٹایا جائے۔ اٹارنی جنرل نے موقف اپنایا کہ اس موقع پر ڈاکٹر ظفر مرزا کو عہدے سے ہٹانا تباہ کن ہوگا۔ عدالت ظفر مرزا کا معاملہ حکومت پر چھوڑ دے۔ اٹارنی جنرل نے کا کہنا تھا کہ پہلی بار پاکستان کو ایماندار وزیراعظم ملا ہے، پاکستان کے پاس یہ آخری موقع ہے بہتری نہ آئی تو نہ جانے کیا ہوگا، خدشہ ہے ہم یہ آخری موقع بھی ضائع نہ کر دیں۔ چیف جسٹس گلزار احمد نے استفسار کیا کہ پارلیمان کا اجلاس بلانے میں کیا ڈر ہے؟، عدالت پارلیمنٹ کا اجلاس بلانے کا حکم نہیں دے سکتی۔ اس پر اٹارنی جنرل نے موقف میں کہا کہ عدالت کی آبزرویشن سے حکومت کو آگاہ کروں گا۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ پارلیمان نے ہی اس مسئلے کو حل کرنا ہے، روز روز بولنے والے سیاستدان اب بالکل خاموش ہیں؟۔ اٹارنی جنرل نے مسکراتے ہوئے جواب دیا کہ کسی کی خاموشی پر کوئی تبصرہ نہیں کر سکتا۔ اٹارنی جنرل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ زیادہ لوگ اپنا کام کر رہے ہیں گندے انڈے تھوڑے ہیں۔ سویلین ہو یا فورسز سب اپنی کوشش کر رہے ہیں۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ حکومت کے علاوہ سب حکومتوں کی تفصیلات ہمارے پاس ہیں، کچھ لوگ ایسے حالات میں بھی پیسہ بنا رہے ہیں۔ کرپٹ عناصر کو لیڈ کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی، زندگی بچانے کے معاملات میں بھی پیسے کھائیں جائیں تو مقصد ختم ہو جاتا ہے۔ اٹارنی جنرل نے جواب دیتے ہو ئے کہا کہ لاک ڈاون کے حوالے سے اہم میٹنگ ہے، تمام تحفظات حکومت کے سامنے رکھوں گا۔ سپریم کورٹ نے سندھ حکومت کی کارکردگی پر سوال اٹھا دیا، چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ آٹھ ارب روپے کا غریبوں میں راشن تقسیم کیا لیکن غریب کو پتہ بھی نہیں چلا، وہ وقت آرہا ہے لوگ کراچی میں پولیس اور سرکاری گاڑیوں پر حملے کرینگے۔ بین الاضلاعی سفر کیلئے پنجاب کی کورونا سرٹیفکیٹ کی شرط بھی کالعدم قرار دیدی گئی۔ کورونا ازخود نوٹس کیس میں پنجاب، سندھ اور اسلام آباد انتظامیہ سے متاثرین کیلئے امدادی کام راشن لینے اور بانٹنے کی تفصیلات آئندہ پیر تک طلب کرلیں۔