Friday, March 29, 2024

کورونا از خود نوٹس کیس، چیئرمین این ڈی ایم اے کو توہین عدالت کا نوٹس جاری

کورونا از خود نوٹس کیس، چیئرمین این ڈی ایم اے کو توہین عدالت کا نوٹس جاری
July 21, 2020
اسلام آباد (92 نیوز) سپریم کورٹ نے کورونا از خود نوٹس کیس میں چیئرمین این ڈی ایم اے کو توہین عدالت کا نوٹس جاری کردیا۔ کورونا از خود نوٹس کیس میں ریمارکس دیتے ہوئے چیف جسٹس نے کہا کہ لگتا ہے این ڈی ایم اے کو ہی ختم کرنا پڑے گا، کیوں نہ چیئرمین این ڈی ایم اے کو توہین عدالت کا نوٹس جاری کردیں۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے مزید لگتا ہے ہمارے ساتھ کسی نے بہت ہوشیاری اور چالاکی کی ہے، شاید بہت کچھ غلط ہوا ہے جس پر پردہ ڈالنے کی کو شش کی جار ہی ہے، نقد ادائیگی اس کمپنی کو کی گئی جس کا کوئی واسطہ ہی نہیں تھا، زبانی نہیں دستاویزات سے شفافیت دکھانی پڑے گی۔ جسٹس اعجازالاحسن نے کہا کہ جعلی ادویات بنانے والوں اور فروخت کرنے والوں کو سزائے موت ہونی چاہیے، پاکستان میں زیادہ سے زیادہ دو ہفتے کی سزا ہوتی ہے۔ ڈریپ صاحب آپ اپنا کام کر ہی نہیں رہے۔ عدالت نے ڈریپ کی رپورٹ غیر تسلی بخش قرار دے دی اور ڈریپ سے امپورٹ کی گئی ادویات سے متعلق تمام تفصیلات طلب کرلیں۔ ایڈیشنل سیکرٹری صحت کی سرزنش کرتے ہوئے کہا سیکرٹری صاحب آپ صرف لیڑ بازی ہی کرتے ہیں، آپ کیا کر رہے ہیں خط لکھنے سے مسائل حل نہیں ہوتے۔ آپ نے سارا ملبہ صوبوں پر ڈال دیا۔ جسٹس اعجاز الاحسن نے مزید ریمارکس دئیے کہ صرف خط ہی لکھنے ہیں تو وزارت صحت کا کیا فائدہ، ہمیں عملی کام چاہیے بابووں والا کام نہیں۔ آپکو معلوم ہے کہ بابو کون ہوتا ہے؟۔ ایڈیشنل سیکرٹری صحت نے بیان دیا بابو کا لفظ افسران کیلئے استعمال ہوتا ہے۔